ساؤتھ ایشین گیمز: وزیر اعظم نے 11 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی
پاکستان 22 سال بعد مارچ 2027 میں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا

وزیراعظم شہباز شریف نے ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے 11 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔
یہ منظوری ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی گئی، جس میں گیمز کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
منصوبے کے مطابق 11 ارب روپے میں سے 5 ارب روپے لاہور اور اسلام آباد میں کھیلوں کی سہولیات اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے پر خرچ کیے جائیں گے۔
باقی فنڈز 2027 ساؤتھ ایشین گیمز کے انتظامی امور، آپریشنل اخراجات اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر صرف کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ، جدید اسپورٹس انفراسٹرکچر کی تعمیر اور بین الاقوامی معیار کے مقابلوں کی میزبانی کی تیاریوں کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
2027 ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی پاکستان کے لیے کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک بڑا موقع ہوگی۔
ساؤتھ ایشین گیمز آٸندہ سال مارچ میں منعقد ہونے ہیں۔ پاکستان 22 سال بعد ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے منظور فنڈز مرحلہ وار جاری ہوں گے۔ فنڈز اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، لاجسٹک، گیمز تقریبات اور انتظامی امور پر خرچ ہوں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز سیکریٹریٹ اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا۔ سیکریٹریٹ گیمز کی تمام تیاریوں کی نگرانی کرے گا۔



