قائد اعظم ٹرافی،سوئی نادرن کرکٹ ٹیم فائنل میں

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن سپرایٹ مرحلے میں سوئی ناردرن گیس نے لاہوربلیوز کی بساط دوسرے ہی دن لپیٹ کر چھ وکٹوں کی جیت کے ساتھ گروپ ون میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ حیدرآباد کا نیاز اسٹیڈیم دوسرے دن بھی بالرز کی جنت بنا رہا جہاں لاہور بلیوز دو رنز کسی نقصان کے بغیر شروع کی جانے والی اننگز کو 70 رنز سے آگے نہ لے جا سکی،وقاص سلیم 28رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد عباس نے تباہ کن بالنگ کرتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا راستہ دکھایا اور مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ میچ میں سات وکٹیں لینے والے عزیز اللہ اور سمیع نیازی نے دو، دو شکار کئے۔ سوئی ناردرن گیس نے فتح کیلئے مطلوبہ ہدف 68 رنز چار وکٹوں پر حاصل کرلیا، اظہرعلی 26 رنز بنا کر نمایاں رہے،گرنے والی چاروں وکٹیں اعزاز چیمہ نے حاصل کیں جو میچ میں 9 وکٹوں کے مالک بنے۔ گروپ ون کے ایک اور میچ میں نیشنل بینک اسٹیڈیم پر حبیب بینک نے اپنی دوسری اننگز میں 72/5 اسکور کرکے لاہور وائٹس کیخلاف 126رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ رمیز عزیز 24 اور عماد بٹ 16رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے،عظیم گھمن 14 رن بناسکے۔ محمد عرفان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں لاہور وائٹس نے24/1 کے اسکور پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور 172رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فہد الحق 50، امیر حمزہ 39، سلمان فیاض 29اور عمید آصف 17رنز ہی ڈبل فیگرز میں داخل ہوسکے۔ عبدالرحمن نے چار اور عماد بٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔گروپ ٹو میں اسٹیٹ بینک گراؤنڈ پر واپڈا نے اپنی دوسری اننگز میں 97/4 اسکور کرکے سوئی سدرن گیس کیخلاف 169رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ خوشدل شاہ 14 اور کپتان سلمان بٹ 11رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، زاہد منصور 36، منصور امجد 19اور محمد سعد 16رنز بناسکے ۔محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں سوئی سدرن گیس نے 56/2 کے اسکور پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 160رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سمیع اسلم 28، عمر امین 21، اویس ضیاء 19، مزمل نظام 16، کپتان فواد عالم 18، کاشف بھٹی 22 اور محمد عرفان 18رنز بناسکے۔ محمد آصف نے پانچ اور وقاص مقصود نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ اسی گروپ کے دوسرے میچ میں یو بی ایل گراؤنڈ نمبر ایک پر میزبان ٹیم کیخلاف کے آر ایل کو مشکلات کا سامنا ہے جس نے دوسری اننگز میں 103 کے اسکور پر چار وکٹیں گنوا دیں مگر اننگز کی ناکامی سے بچاؤ کیلئے اب بھی 29 رنز درکار ہیں۔جاہد علی 52 اور لقمان بٹ 12رنز کے ساتھ وکٹ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ثمین گل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں یونائیٹڈ بینک نے 110/2پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور 283 بنا کر 132رنز کی سبقت حاصل کی۔ سعد علی نے شاندار 109رنز کو 18چوکوں سے سجایا۔ اکبرالرحمن 23 اور محمد اصغر 35رنز بنا سکے۔ یاسرعلی اور نعمان علی نے تین،تین جبکہ احمد بشیر نے دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

 

error: Content is protected !!