ایشز سیریز، چوتھے ٹیسٹ کیلئے وکٹ کو آئی سی سی نے خراب قرار دیدیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے لیے تیار کی گئی میلبورن کی پچ کو انتہائی خراب قرار دیا ہے۔

ایشز سیریز میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران 5 روز میں صرف 24 وکٹیں گریں اور میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 327 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ نے الیسٹر کک کی ڈبل سنچری کی بدولت 491 رنز اسکور کئے تھے جب کہ کینگروز نے اپنی دوسری اننگز 263 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔

میلبورن ٹیسٹ کے لیے میچ ریفری راجن مدوگالے نے آئی سی سی کو بھیجی گئی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی پچ میں باؤنس درمیانہ تھا اور وکٹ میں پیس بھی کم تھا جو میچ میں آگے چل کر مزید کم ہو گیا۔

راجن مدوگالے کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ٹیسٹ میچ کے لیے ایسی وکٹ تیار کی گئی تھی جس کی کارکردگی 5 روز میں بھی تبدیل نہ ہوئی اور اس میں کوئی قدرتی بگاڑ بھی نہیں آیا۔

میچ کے بعد آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا تھا کہ جس وکٹ پر ہم کھیلے وہ شاید بالکل ہموار تھی، اگر ہم اس وکٹ پر مزید دو روز بھی کھیلتے تو اس میں کسی قسم کی تبدیلی واقع نہ ہوتی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے پاس وکٹ کے حوالے سے جواب جمع کرانے کے لیے 14 روز کا وقت ہے۔

آسٹریلیا ایشز سیریز پہلے ہی تین صفر سے اپنے نام کر چکا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ کے حوالے سے بھیجا گیا نوٹس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پرانے قوانین کا آخری مراسلہ ہے۔

آئی سی سی کے نئے قوانین کے مطابق اگر کسی گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ یا پچ خراب ہوئی تو اس گراؤنڈ کو ڈی میرٹ پوائنٹس ملیں گے جو آئندہ 5 سالوں تک جمع کیے جائیں گے۔

اگر کوئی گراؤنڈ 5 ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو وہ آئندہ 12 ماہ تک وہاں کسی بھی انٹرنیشنل میچ کی میزبانی نہیں کر سکے گا جب کہ 10 ڈی میرٹ پوائنٹس اس گراؤنڈ پر دو سال کے لیے پابندی عائد ہو جائے گی۔

error: Content is protected !!