صہیب مقصود نکاح کے بندھن میں بندھ گئے

ملتان: (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹر صہیب مقصود ایم ایس سی نفسیات حرا کومل کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔ آج مہندی، کل بارات اور پرسوں ولیمہ ہو گا۔

نکاح کی تقریب گزشتہ شب مقامی ہوٹل میں ادا کی گئی۔ نکاح محمد رمضان ضیاء الباروی نے پڑھایا۔ نکاح نامہ میں صہیب کی طرف سے حق مہر 50 ہزار درج کیا گیا۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صہیب اور حرا کومل نے کہا کہ ہماری شادی والدین کی مرضی سے ہوئی ہے۔ حرا نے کہا کہ صہیب کی وجہ سے اب کرکٹ میں دلچسپی بڑھ گئی ہے۔

اس موقع پر صہیب مقصود نے کہا کہ کرکٹ میرا جنون تھا لیکن محبت پر صرف بیوی کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادی کی خوشی اور پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کی خوشی برابر ہے۔

صہیب مقصود کے والدین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہمارا بیٹا سمجھدار اور فرمانبردار ہے، بیوی کو خوش رکھے گا۔

دریں اثناء نکاح خواں نے صہیب کے والد کا نام نکاح نامہ پر غلط لکھ دیا جس کی تصحیح صہیب نے نکاح نامہ پر دستخط کرنے سے پہلے کرا دی۔ صہیب کے والد مقصود کی جگہ نکاح خواں نے نام مسعود لکھ دیا تھا۔

error: Content is protected !!