پاکستان سپر لیگ تھری کا رنگا رنگ میلہ آج سجے گا

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ): پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سجے گا اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل تھری میں چھکے، چوکے اور وکٹیں گرتے دیکھنے کا بے تابی سے انتظار ہے جس کے لئے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کل اکھاڑہ سجے گا۔

پی ایس ایل تھری میں 6 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور پشاور زلمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، اس ایونٹ میں ملتان سلطانز پہلی مرتبہ حصہ لے رہی ہے اور اپنا افتتاحی میچ پشاور زلمی کے خلاف ہی کھیلے گی۔

ایونٹ میں شامل دیگر ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹیڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز شامل ہیں۔

ایونٹ کا آغاز افتتاحی تقریب سے ہوگا جس میں پاکستانی ثقافت کے رنگوں کو اجاگر کیا جائے گا جس کے بعد پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں 23 فروری کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گی جب کہ لاہور قلندرز کا ٹاکرا اسی روز ملتان سلطانز سے ہوگا جب کہ اسلام آباد یونائیٹیڈ اپنا ایونٹ کا پہلا میچ 24 فروری کو پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔

 ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31 میچز دبئی اور شارجہ جب کہ تین میچز کا انعقاد پاکستان میں ہوگا، تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے دو، دو مرتبہ مدمقابل ہوں گی۔

ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ 2 پلے آف میچز لاہور میں ہوں گے۔

error: Content is protected !!