ڈربن ٹیسٹ،سٹارک نے تباہی مچا دی،جنوبی افریقہ 162رنز پر ڈھیر

ڈربن (سپورٹس لنک رپورٹ) مچل سٹارک کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقن ٹیم پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز 351 رنز کے جواب میں دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سٹارک کی برق رفتار باؤلنگ اور نیتھن لیون کی گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ڈی ویلیئرز کے سوا کوئی بھی کھلاڑی جم کر حریف باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، ویلیئرز 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، سٹارک نے 5 نیتھن لیون نے 3 اور جوش ہیزلووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ لی، دریں اثناء آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 351 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، مچل مارش نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 96 رنز بنا کر نمایاں رہے، کیشو مہاراج نے 5، ورنن فلینڈر نے 3 اور کاگیسو ربادا نے 2 وکٹیں لیں۔ جمعہ کو ڈربن ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 225 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو مچل مارش 32 اور ٹم پین 21 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے ساتویں اوور میں ربادا نے پین کو آؤٹ کر کے ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 25 رنز بنائے، پیٹ کمنز 3 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر بولڈ ہوئے، مچل مارش نے سٹارک کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 300 تک پہنچا دیا، یہاں پر سٹارک 35 رنز بنا کر مہاراج کی گیند کا نشانہ بنے، 341 کے سکور پر مارش جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 96 کے انفرادی سکور پر فلینڈر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 351 کے سکور پر کینگروز کی آخری وکٹ گری جب لیون 12 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر کیچ ہوئے، مہاراج نے 5، فلینڈر نے 3 اور ربادا نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پروٹیز ٹیم کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی دوسرے روز کا کھیل بھی ختم ہو گیا، آسٹریلوی ٹیم آج ہفتہ کو 189 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرے گی، نیتھن لیون نے ڈین ایلگر اور ہاشم آملہ کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، ویلیئرز کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی کینگروز باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، وہ ایک اینڈ پر ڈٹے رہے تاہم دوسری جانب کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا، ویلیئرز نے 71 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ایلگر 7، ایڈن مرکرم 32، آملہ صفر، کپتان فاف ڈوپلیسی 15، براؤن 6، ڈی کوک 20، فلینڈر 8، مہاراج اور مورکل صفر، ربادا 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سٹارک نے 5، لیون نے 3، کمنز اور ہیزلووڈ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

error: Content is protected !!