سرفراز احمد سپر لیگ کے بقیہ میچوں میں کم بیک کیلئے پرعزم

شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ اب تک اپنی ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی ہے لیکن اچھا کھیل پیش کر لیگ میں کم بیک کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز اور کراچی کنگز 5 میچز میں 7 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

جب کہ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز میں 6، 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ 4 پوزیشن پر ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی 5 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن ہے جبکہ لاہور قلندرز کسی بھی میچ میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ابھی تک پاکستان سپر لیگ بہت اچھے انداز میں آگے جا رہی ہے، ٹورنامنٹ کا دوسرا راؤنڈ ابھی شروع ہوا ہے جس میں جتنے بھی میچز ہوں گے وہ سب زبردست ہوں گے۔

ٹیم کی ٹاپ 4 پوزیشن سے آؤٹ ہونے پر ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی ضرور ہے لیکن ابھی ٹورنامنٹ باقی ہے اور امید ہے کہ اچھا کھیل پیش کرکے کم بیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی بیٹنگ میں کچھ خامیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے اور امید ہے کہ یہ غلطیاں اب نہیں ہوں گی اور اچھا کھیل پیش کریں گے۔

سرفراز حمد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کھیل رہے ہیں جس میں آل راؤنڈرز بھی شامل ہیں اور ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے پاس ان کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔

پاکستان سپر لیگ سے نئے ٹیلنٹ ملنے سے متعلق سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ لیگ میں 3 سے 4 نوجوان کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں لیکن قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے فی الحال ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، امید ہے کہ پی ایس ایل کے اختتام پر 2 سے 3 اچھے کھلاڑی پاکستان کو ملیں گے۔

error: Content is protected !!