پنجاب کا ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں باکسنگ رنگ بنانے کا فیصلہ


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبہ کے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میںجدید باکسنگ رنگ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف صوبہ بھر میں نوتعمیر شدہ جدید سپورٹس جمنیزیم کا جلد افتتاح کریں گے، ہاکی کے نئے کھلاڑی سامنے لانے کیلئے 5 شہروں میں تیار کئے گئے ہاکی سٹیڈیمز میں اولیمپئنز کو کوچ اور اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا جائے گا، پنجاب حکومت سپورٹس کے انفراسٹرکچر کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ بین الصوبائی گیمز پشاور میں ہمارے کھلاڑی اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان، ارکان صوبائی اسمبلی میاں منیر، فرزانہ بٹ، سابق صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن اختر رسول، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم انتخاب عالم، سابق اولمپیئن خواجہ جنید، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان، ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، اویس اکبر، ایم بی جاوید اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، اجلاس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے 2017-18کے اخراجات کی بھی منظوری دی گئی، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ باکسنگ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ معیار کے باکسنگ رنگ تعمیر کئے جائیں گے جبکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کی نگرانی میں سپورٹس کے 111ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرلئے جائیں گے

جس سے عوام کو سپورٹس کی بہترین اور جدید سہولتیں میسر ہوں گی، اس کے علاوہ پنجاب حکومت مختلف شہروں میں سپورٹس گرائونڈز، جمنیزیم، سکواش کمپلیکس بھی بنا رہی ہے، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کونسل کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے قلیل مدت میں سپورٹس کے جتنے منصوبے تیار کئے ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے5 شہروں میں تعمیر کئے گئے جدید ہاکی سٹیڈیم میں اولمپیئنز کو کوچ اور اسسٹنٹ کوچ تعینات کرنے کی بھی منظوری دی، ان میں راولپنڈی، ننکانہ صاحب، گوجرہ، شیخوپورہ اور قصور شامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اولمپیئن کوچز کی تعیناتی کا مقصد ہاکی کے نئے کھلاڑی پیدا کرنا ہے تاکہ پاکستان ہاکی کی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکے۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے بتایا کہ پشاور میں منعقد ہونیوالی چوتھی بین الصوبائی گیمز کیلئے 59لاکھ روپے کے اخراجات کی منظوری دی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ ان گیمز کی تیاری کے لئے ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے اور ہم پُرامید ہیں کہ ہمارے کھلاڑی پنجاب کے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

error: Content is protected !!