فیفا نے پاکستان کی معطلی ختم کردی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کی معطلی ختم کردی جس کے بعد پاکستان ہر سطح کے انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کا اہل ہو گیا ہے۔معطلی ختم ہونے کے بعد پاکستان کی کلب ٹیمیں بھی انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لے سکیں گی۔ فیفا نے پاکستان کی رُکنیت گزشتہ برس 10 اکتوبر کو حکومتی مداخلت کے باعث معطل کی تھی۔رواں سال مارچ میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے منتخب صدر فیصل صالح حیات اور اُن کے اراکین کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا چارج مل گیا جس کے بعد اُنہوں نے فیفا کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا۔پی ایف ایف میں جمہوری عمل بحال ہونے کے بعد فیفا نے بھی پاکستان کی رُکنیت بحال کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں اور بطور فیفا ممبر پاکستان کے تمام حقوق بحال کردیے گئے ہیں۔معطلی ختم ہونے کے بعد پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نمائندے اور کلب ٹیمیں کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے۔پی ایف ایف کے ممبران اب فیفا کے ڈویلمپمنٹ پروگرامز، کورسز، ٹریننگ پروگرامز میں بھی حصہ لینے کے اہل ہوں گے اور اسی طرح فیفا کے دیگر ممبران پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے تحت ہونے والے مقابلوں میں بھی شرکت کرسکیں گے۔

 

error: Content is protected !!