فائنل تک رسائی،،آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کا ٹکرائو

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں فائنل تک رسائی کی جنگ کا آج سے آغاز ہو رہا ہے ،دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کا پہلے پلے آف میں ٹکراؤ ہوگا ، دونوں فرنچائز کے کپتان اس بات کے خواہشمند ہیںکہ ان کی ٹیم کامیابی کے بعد فیصلہ کن معرکے میں پہنچ جائے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کا پہلا پلے آف معرکہ آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے شب شروع ہوگا تو دونوں ٹیموں کے کپتان اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کی مدد سے لازمی فتح کی کوشش کریں گے تاکہ انہیں براہ راست فیصلہ کن معرکے میں جگہ مل جائے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور کراچی کنگز نے 11پوائنٹس کی بدولت دوسری پوزیشن حاصل کی تھی اور آج ہونے والے معرکے کی فاتح ٹیم کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کیلئے اپنی نشست بک کرالے گی،ہارنے والی ٹیم کیلئے بھی ایک مزید موقع ہوگا جب اسے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پہلے ایلی منیٹر میچ کی فاتح ٹیم سے پنجہ آزمائی کا موقع مل جائے گا اور دوسرے ایلی منیٹر میچ میں کامیابی اسے فائنل میں پہنچا دے گی۔ واضح رہے کہ ایلی منیٹر ون میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں مقابل آئیں گی۔ آج کے میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈکو ڈومینی ،رونچی ،ہیلز ،حسین طلعت، فہیم اشرف ، شاداب خان کی خدمات حاصل ہوں گی۔کراچی کنگز کو بابر اعظم،جو ڈینلی، روی بوپارا، انگرام ، عثمان شنواری،شاہد آفریدی،محمد عامر اور محمد عرفان کا ساتھ حاصل ہے ۔

error: Content is protected !!