عالمی درجہ بندی،نڈال نے فیڈرر سے ٹاپ پوزیشن چھین لی

پیرس (سپورٹس لنک رپورٹ ) جان اسنر 8 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل، ویمنز میں سیمونا ہالپ پہلے نمبر پر براجمان، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں شہرہ آفاق ہسپانوی سٹار رافیل نڈال نے مینز سنگلز میں راجر فیڈرر سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، جان اسنر 8 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، ہیون چنگ نے بھی ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹونٹی میں جگہ بنا لی، ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ بدستور سرفہرست ہیں، سیلونی سٹیفنز نے تین درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں جگہ بنا لی۔آئی ٹی ایف نے تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے سنگلز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت مینز سنگلز رینکنگ میں نڈال نے ایک سیڑھی چڑھ کر دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، فیڈرر تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے، مرین کلچ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، الیگزینڈر زیوریف ایک درجہ بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے، انہوں نے دمتروف کو پانچویں پوزیشن پر دھکیل دیا، ڈیل پوٹرو چھٹے، ڈومنک تھائم ساتویں اور کیون اینڈرسن آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں، امریکہ کے میامی اوپن کے چیمپئن جان اسنر 8 درجے ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر آ گئے، لیوکاس پاؤلی تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، پبلو کارینو بسٹا 7 سیڑھیاں چڑھ کر 12ویں نمبر پر آ گئے، ہیون چنگ بھی 4 درجے چھلانگ لگا کر 19ویں نمبر پر آ گئے، برڈچ کی پانچ درجے تنزلی ہوئی ہے، ان کا 18واں نمبر ہے، دوسری جانب ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ بدستور سرفہرست ہیں، کیرولین وزنائیکی دوسرے، مگوروزا تیسرے، سویتولینا چوتھے اور اوسٹاپینکو پانچویں نمبر پر برقرار ہیں، امریکہ کی سیلونی سٹیفنز تین درجے بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر آ گئیں۔جاپان کی ناؤمی اوساکا اور برطانیہ کی جوہانا کونتا بالترتیب ایک اور 8 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹونٹی سے باہر ہو گئیں۔

error: Content is protected !!