پاکستان کپ میں سندھ اور پنجاب کا ہائی اسکورنگ میچ ٹائی

فیصل آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کپ میں سندھ اور پنجاب کا ‘‘ہائی اسکورنگ’’ میچ دلچسپ مقابلے بعد ٹائی ہو گیا،پنجاب کے سنچری میکر آصف علی مرد میدان قرار پائے،سندھ کی جانب سے سلمان بٹ کے 101رنز رائیگاں چلے گئے۔ اقبال اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر سندھ نے فیلڈ سنبھالی تو پنجاب کے بیٹسمینوں نے اس کا پورا فائدہ اٹھایا،اگرچہ عبد الصمد 28 اور کپتان محمد رضوان 21 رنز بنا سکے لیکن صاحبزادہ فرحان نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنا کر آصف علی کو بھرپور سہارا دیا جو بعد میں سات چھکوں اور چودہ چوکوں کی مدد سے 138 رنز بنا کر پنجاب کو نو وکٹوں پر 310 رنز تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔

بلال آصف نے تین جبکہ تاج ولی نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ جوابی اننگز میں سندھ کی جانب سے سلمان بٹ نے اس وقت افتخار احمد کے ساتھ مل کر کھیل کو سنبھالا جب گوہر علی پانچ اور کپتان عمر امین 14 رنز بنا کر برخاست ہو چکے تھے۔ سلمان بٹ نے 101 رنز میں سترہ چوکے لگا کر واپسی کی راہ اختیار کی تو اسکور 160 رنز تھا۔ افتخار احمد نے اس کے بعد 38 رنز بنانے والے فواد عالم کے ساتھ مل کر فتح دلانے کی بھرپور کوشش کی لیکن جب 44 ویں اوور میں وہ بھی نو چوکوں اور دو چھکوں سمیت 95 رنز کر کے چلتے بنے تو عدنان اکمل اور بلال آصف فتح دلانے میں ناکام رہے جنہوں نے 19 اور ناقابل شکست 21 رنز بنائے۔ اسامہ میر نے پنجاب کی جانب سے چار وکٹیں حاصل کیں۔

error: Content is protected !!