ٹیسٹ کرکٹ میں آئرلینڈ کا پاکستان سے کوئی مقابلہ نہیں،یونس خان

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے دورکے عظیم بیٹسمین شمار کیے جانے والے یونس خان نے کہا ہے کہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کا آئرلینڈ سے کوئی مقابلہ نہیں لیکن اس کے باوجود حریف ٹیم کو آسان نہیں سمجھنا چاہیے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان نے کہاکہ پاکستان کا ٹیسٹ کرکٹ میں آئرلینڈ سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا لیکن اس کے باوجود ہمیں مخالف ٹیم کو ہرگز آسان نہیں لینا چاہیے۔آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں دراصل دباؤ پاکستان پر ہی ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم رہ چکی جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے جارہی ہے۔یونس خان نے کوچنگ کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ اصل کام گراس روٹ کی سطح پر ذمہ داری ادا کرنا ہے، اگر مجھے ہائی لیول پر کوچنگ کرنی ہوتی تو کب کی کرچکا ہوتا، مجھے نچلی سطح پر کوچنگ کرکے زیادہ خوشی اور مسرت ہوگی۔

error: Content is protected !!