سکاٹ لینڈ انگلینڈ کے بعد پاکستان کو شکست دینے کی خواہاں

لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دو ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل ایڈن برگ میں کھیلا جائے گا جہاں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد اسکاٹش ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔پاکستانی ٹیم دورہ آرئرلینڈ، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے آخری مرحلے میں اسکاٹ لینڈ پہنچ گئی ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹی20 میچز کھیلے گی اور ون ڈے کے بعد ٹی20 کی عالمی نمبر ایک ٹیم کے خلاف اپ سیٹ کی خواہاں ہے۔پاکستانی ٹیم کے دورے کا آغاز آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے ہوا تھا جہاں پاکستان نے میزبان ٹیم کو شکست دے کر میچ میں فتح اپنے نام کی تھی۔پاکستان نے لارڈز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کو 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی لیکن اگلے میچ میں انگلینڈ نے مہمان ٹیم کو اننگز اور 55رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کر کے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔اب پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 2 ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ایڈن برگ میں کھیلا جائے گا۔اسکاٹ لینڈ کی ٹیم گزشتہ روز ون ڈے کی عالمی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دے کر اپنے عزائم ظاہر کر چکی ہے اور اب وہ ٹی20 کی عالمی نمبر ایک ٹیم پاکستان کے خلاف بھی ایسی کارکردگی دہرانے کی خواہاں ہے۔دوسری جانب پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی شکست کو بھلا کر سرفراز احمد کی قیادت میں ٹی20 سیریز میں اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنے کی خواہشمند ہے۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد بھی اسکاٹ لینڈ کے خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی دکھائی اور ٹی20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا۔یہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 11سال بعد کوئی ٹی20 میچ کھیلا جائے گا جہاں اس سے قبل دونوں ٹیمیں 2007 ٹی20 میں مدمقابل آئی تھیں۔پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے مابین اب تک صرف ایک ٹی20 انٹرنیشنل میچ 2007 کے ورلڈ ٹی20 میں کھیلا گیا تھا اور پاکستان نے شعیب ملک کی قیادت میں 51 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی 21 رنز اور 4 وکٹیں لے کر میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے تھے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ 13جون کو کھیلا جائے گا۔منگل کو دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور بارش کے باعث پاکستان کی مسلسل دوسرے روز ٹریننگ متاثر ہوئی جبکہ منگل کو بارش کی پیش گوئی ہے۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہو گا۔

error: Content is protected !!