دلروون پریرا کی تباہ کن بائولنگ،جنوبی افریقہ کو 278 رنز سے شکست

گال (سپورٹس لنک رپورٹ)دیمتھ کرونارتنے کی شاندار بیٹنگ کے بعد دلروون پریرا کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 278 رنز کے واضح مارجن سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پروٹیز ٹیم 352 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے تیسرے ہی روز اپنی دوسری اننگز میں 73 رنز پر ڈھیر ہو گئی، دلروون پریرا کی جادوئی سپن بائولنگ کے سامنے پروٹیز کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، پریرا نے میچ میں 10 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، کرونارتنے کو شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ہفتہ کو گال ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 111 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اینجلو میتھیوز 14رنز پر کھیل رہے تھے، سری لنکن بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 190 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، اسطرح آئی لینڈرز نے جنوبی افریقہ کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 352 رنز کا ہدف دیا، میتھیوز 35، روشن سلوا 13، نیروشن ڈکویلا 9، دلروون پریرا 2، رنگنا ہیراتھ صفر اور سنداکن 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان سرنگا لکمل 33 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کیشو مہاراج نے 4، کگیسوربادا نے 3، ڈیل سٹین اور تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں جنوبی افریقن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 28.5 اوورز میں صرف 73 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سری لنکن سپنرز نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پروٹیز کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی اور انہوں نے کسی بھی کھلاڑی کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، ایڈن مرکرم 19، ڈین ایلگر 4، ہاشم آملہ صفر، ٹیمبا باووما 2، کپتان فاف ڈوپلیسی 1، کوئنٹن ڈی کوک 10، کیشو مہاراج 9، کگیسوربادا صفر، ڈیل سٹین اور تبریز شمسی 2، 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ورنن فلینڈر نے 22 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، دلرووان پریرا نے 32 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رنگنا ہیراتھ نے 3 اور سنداکن نے ایک وکٹ لی۔#/

error: Content is protected !!