بھارت کیخلاف دوسرا ٹیسٹ،انگلش ٹیم میں دو تبدیلیاں

لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کرکٹ سلیکٹر نے بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد 9 اگست سے لارڈز میں شروع ہونے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں 2 بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ آئوٹ آف فارم ڈیوڈ میلان کو ڈراپ کیا گیا ہے، وہ اس سیزن کے 3 ٹیسٹ میچوں کی کسی اننگز میں 30 اسکور تک بھی نہ پہنچ سکے، ان کی جگہ نئے ابھرتے ہوئے بیٹسمین اولی پوپ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ سرے کے لئے اس سیزن میں 85.40 کی بھاری اوسط سے 3 سنچریوں کی مدد سے 684 رنز بنانے والے 20 سالہ پوپ ٹیسٹ ڈیبیو کے مضبوط امیدوار ہونگے۔ اگر وہ لارڈز ٹیسٹ کھیلنے میں کامیاب ہوگئے تو گزرے قریب کے سالوں میں وہ ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے 5 ویں انگلش پلیئرہونگے،ایجسٹن ٹیسٹ میں اپنی بولنگ سے بھارتی کیمپ کو پریشان کرنے والے بین اسٹوکس بھی ٹیم سے ڈراپ کردیئے گئے ہیں۔ برسٹل واقعہ کے حوالے سے ان کا ٹرائل 6 اگست سے شروع ہورہا ہے، ان کی جگہ کرس واکس کی واپسی ہوئی ہے جو انجری سے نجات پاچکے ہیں، ایک اور نئے کھلاڑی جمی پورٹر اور تجربہ کار آل رائونڈر معین علی بھی 13 رکنی اسکواڈ کا حصہ رہیں گے ،ٹیم مینجمنٹ لارڈز کی وکٹ کے معائنے کے بعد حتمی 11 رکنی ٹیم منتخب کرے گی،اگر وکٹ خشک ہوئی تو پھر پوپ کی بجائے معین علی کھیلیں گے ،سیمنگ وکٹ پر کرس واکس کی شمولیت بھی یقینی ہے۔

error: Content is protected !!