قائد اعظم ٹرافی کا شیڈول جاری نہ ہوسکا،ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں پریشان

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) یکم ستمبر سے ملک کا سب سے بڑ ا کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی شروع ہورہا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو بجٹ بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ ڈپارٹمنٹل ٹیموں کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے کہاں میچ کھیلنے ہیں اور اس پر کتنے اخراجات آئیں گے ہمیں ابھی تک بجٹ کے بارے میں علم نہیں ہے۔ شیڈول آنے کے بعد بجٹ منظوری کے لئے انتظامیہ کے پاس جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوبی ایل کرکٹ ٹیم بند ہونے سے پی سی بی کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ یوبی ایل نے قائد اعظم ٹرافی میں شرکت نہیں کرنا لیکن ان کی جانب سے ابھی تک پی سی بی کو تحریری اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ پی سی بی نے یوبی ایل کی جگہ نیشنل بینک کو شامل کیا ہے۔ لیکننیشنل بینک کو فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کے بارے میں باضابطہ نو ٹی فیکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے اس سال پہلی بار ڈومیسٹک کرکٹ کا کتابچہ تیار کیا ہے جس میں پورے سیزن کا شیڈول شامل ہے۔ تاہم نیشنل بینک کی شمولیت کی وجہ سے ابھی کتابچہ بھی منظر عام پر نہیں آرہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں شیڈول فائنل کرکے میڈیا کو جاری کیا جائے گا۔

error: Content is protected !!