انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ شروع


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ سپورٹس سب کے لئے ہے اور ہر ایک کا حق ہے کہ وہ سپورٹس کی سہولتوں سے فائدہ اٹھائے، انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کے بعد دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس بھی منعقد کرائیں گے، سوئمنگ چیمپئن شپ میں 34 سکولوں کے 450 بچے حصہ لے رہے ہیں جن میں سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبہ و طالبات شامل ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے مسلسل ایونٹس منعقد کررہا ہے جس میں نوجوان کھلاڑی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، سوئمنگ چیمپئن شپ میں نوجوان سوئمرز کو بہترین موقع فراہم کیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں ہونے والی انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرسیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری، سٹیشن کمانڈر نیوی ہیڈ کوارٹر کموڈور نعمت اللہ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی،چیف سپورٹس کنسلٹنٹ محمد شاہد فقیرورک اوردیگر بھی موجود تھے، انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب پنجاب انٹر نیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی

اس موقع پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ اس طرح کی چیمپئن شپ سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ، چیمپئن شپ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو دیکھ کردوسرے بچوں میں بھی جذبہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ بھی چیمپئن بنیں،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سپورٹس کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کررہے ہیں، انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ پہلا قدم ہے اس کے بعد دیگر کھیلوں کی بھی چیمپئن شپ بھی منعقد کرائی جائیں گی، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ہمارا ہدف ہے کہ ڈویژن سطح پر عالمی معیار کے مزید سوئمنگ کمپلیکس بنائے جائیں تاکہ دوردراز علاقوں کے رہنے والے سوئمرز بھی اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا کر قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے خود کو تیار کرسکیں گے، پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کے لئے پروفیشنل سوئمرز کے لئے معمولی فیس رکھی گئی ہے اس میں سرکاری سکولوں کے طلبہ بھی پریکٹس کرسکتے ہیں، نوجوانوں کا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے گراس روٹ لیول سے کھلاڑی نکال کر لائیں گے اور ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں سینکڑوں سوئمرز حصہ لے رہے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے، اس میں سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبہ بھی شریک ہوئے ہیں۔


ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ ہم نے قلیل عرصہ میں مختلف کھیلوںکے ایونٹس منعقد کئے ہیں جس میں اب تک ہزاروں کھلاڑی حصہ لے چکے ہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکتے ہیں، انٹر سکول ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں بھی سینکڑوں سوئمرز جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں، جو سہولتیں ان کو اس سوئمنگ کمپلیکس میں دی گئی ہیں اس سے ان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا اور وہ مزید محنت سے سپورٹس کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ سٹیشن کمانڈر نیوی ہیڈ کوارٹر کموڈور نعمت اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کے فروغ کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، اس طرح کے ایونٹس سے ہی سٹار کھلاڑی پیدا ہوں گے جو کہ ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں معروف گلوکاروں نے ثقافتی پروگرام پیش کیا جس کو شائقین نے بھرپور سراہا، شائقین نے سوئمنگ کے مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

error: Content is protected !!