دوسرا چیف آف نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ نیشنل بینک نے جیت لیا


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ )دوسرے چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ نیشنل بینک آف پاکستان نے جیت لیا،۔ٹورنامنٹ کا فائنل نیشنل بنک آف پاکستان کی ٹیم اورواپڈاکی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا۔سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیشنل بنک آف پاکستا ن کی ٹیم نے فائنل میں کامیابی حاصل کی واپڈانے دوسری جبکہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان ِ خصوصی وائس چیف آف نیول سٹاف،وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے جنہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلزتقسیم کئے۔پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو بالترتیب0.5ملین،0.3ملین اور0.2ملین کے نقد انعامات سے بھی نوازا گیا پاکستان نیوی کے راشد محمود ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے اور 50,000 روپے نقد انعام سے نوازے گئے واپڈا کے علیم بلال کو بہترین سکورر جبکہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈ کے علی عمیر کو بہترین گول کیپر قرار دیا گیا اور 25,000 روپے نقد انعام کے مستحق قرار پائے۔

مہمانِ خصوصی نے فاتح ٹیموں کو مبارک باد دی اور ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں پیٹرن پی این ہاکی (سنٹرل)، پنجاب سپورٹس بورڈ،پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسپانسرز کی کاوشوں کو سراہا،مہما ن خصوصی ایڈمرل کلیم شوکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستانی عوا م کی قومی کھیل میں دلچسپی پیدا کرنے میں یقینا اپنا کردار ادا کرے گا۔وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کھیلوں کے فروغ میں میڈیا کے کردار بالخصوص چیف آف دی نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2018کی وسیع کوریج کو سراہا۔ وائس چیف آف نیول سٹاف نے پاکستانی عوام اور پرائیویٹ اداروں سے قومی کھیلوں کے احیاء کے سلسلے میں اقدامات کے لئے درخواست کی۔ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔پاکستان ہاکی کے درخشاں ماضی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہاکی کے شعبے میں کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے کے ضمن میں پاک بحریہ پُر عزم ہے۔چنانچہ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کرپاک بحریہ نے قومی کھیل کے احیاءکے لیے قدم اُٹھایا ہے۔یہ اپنی طرز کا دوسرا ٹورنامنٹ ہے جس کا سلسلہ آنے والے سالوں میں بھی جاری رہے گااور اُمید کی جاتی ہے کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا یہ سلسلہ پاکستان میں ہاکی کے احیاءمیں بھر پور کردار ادا کرے گا۔ٹورنامنٹ کے دوران ایک کثیر تعداد میں ہاکی کے مقبول کھلاڑیوں اور سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباءنے شرکت کی۔

error: Content is protected !!