صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی سے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر کی ملاقات


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ اور ڈائریکٹر یوتھ پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن رائے محمد اسامہ سلطان نے پنجاب کے وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی سے سپورٹس بور ڈ پنجاب میں اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے وزیر کھیل کو پاکستان فیڈریشن بیس بال کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال پاکستان کی انڈر 12ٹیم نے دسویں انڈر 12ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کی۔ پاکستان نے ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح پاکستان کی سینئر ٹیم نے اٹھارویں ایشین گیمز جوکہ جکارتہ انڈونیشیا میں منعقد ہوئیں میں شرکت کی اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ سید فخر شاہ نے بتایا کہ پاکستان ٹیم کی اس عمدہ پرفارمنس نے پاکستان کو اپنی رینکنگ بہتر بنانے میں مدد دی۔ پاکستان اس وقت ورلڈ رینکنگ میں انتیسویں سے تئیسویں پوزیشن پر موجود ہے۔ وزیر کھیل نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں رینکنگ میں ترقی پر مبارکباد دی۔ سید فخر شاہ نے وزیرکھیل سے درخواست کی کہ پنجاب میں بیس بال کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ہر ڈویژن میں کم ازکم ایک کوالیفائیڈ بیس بال کوچ ہونا چاہیے ۔ سید فخر شاہ نے وزیر کھیل کو بتایا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال اور پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کے پاس پنجاب میں بیس بال کا کوئی گراؤنڈ موجود نہیں ہے ۔ بیس بال کے میچز کرکٹ اور فٹبال کے گراؤنڈز میں منعقد کرنے پڑتے ہیں جس کی وجہ سے بیس بال گیم متاثر ہوتی ہے۔ پنجاب میں واحد بیس بال کا گراؤنڈ لاہور میں ایک پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کی ملکیت ہے ۔ انہوں نے وزیر کھیل سے درخواست کی کہ پنجاب میں بیس بال کی ترقی کے لئے گراؤنڈ ز بہت ضروری ہیں ۔ سید فخر شاہ نے وزیر کھیل سے درخواست کی کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال چاہتی ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب مستقبل کے انٹر نیشنل بیس بال ایونٹس کے لئے تعاون کرے ۔ جن میں ویمن ایشین بیس بال چیمپئن شپ چائنا، ویسٹ ایشیا بیس بال کپ سری لنکا، انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ چائنا اور ایشین بیس بال چیمپئن شپ تائیوان شامل ہیں ۔ وزیر کھیل نے پاکستان فیڈریشن بیس بال اور پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت یوتھ لیول پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کی ہر طرح سے مدد کرے گی ۔ سپورٹس بورڈ میں ڈویژن لیول پر بیس بال کے کوالیفائیڈ کوچز بھرتی کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن کو بیس بال گراؤنڈ کی فراہمی بھی یقینی بنائے جائے گی۔

error: Content is protected !!