کشمیر جرنلسٹس فورم کے زیراہتمام کشمیری ریاستی اخبارات اور صحافتی تنظیموں کی ٹیموں کے درمیان فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) کشمیر جرنلسٹس فورم کے زیراہتمام کشمیری ریاستی اخبارات اور صحافتی تنظیموں کی ٹیموں کے درمیان فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا ٹورنامنٹ کا افتتاح پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء اور قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین نے کیا۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں صدائے چنار نے کشمیر پوسٹ کی ٹیم کو آٹھ گولوں سے شکست دے دی کشمیر پوسٹ کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی صدائے چنار کی طرف سے آصف شبیر اور عبدالمنان نے تین تین اور راجہ عمران نے دو گول کئے۔ دوسرے میچ میں نیشنل پریس کلب کی ٹیم نے رسجا کی ٹیم کو ایک صفر سے ہرایا میچ کا واحد گول اویس خٹک نے کیا۔ اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین نے فٹبال کو کک مار کر ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں کسی بھی قوم کیلئے انتہائی ضروری ہوتی ہیں صحافی پورے معاشرے کی صحت کا خیال رکھتے ہیں لیکن انہیں اپنی صحت کا خیال رکھنے کا وقت نہیں ملتا کشمیر جرنلسٹس فورم نے یوم تاسیس کے موقع پر یہ فٹبال ٹورنامنٹ منعقد کرا کے نہ صرف کھلاڑیوں کی صحت کے حوالے سے ایک مثبت کام کیا ہے بلکہ یوم تاسیس کے موقع پر آزادکشمیر کے صحافیوں کی طرف سے کھیلوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کی چکی میں پسنے والے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشتگردی خاص طور پر کلگام واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اب علامی برادری کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کہ بھارت کس طرح کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ میں 27اکتوبر سے یورپ اور یورپی یونین کے ساتھ ساتھ بلجیئم بھی جاؤں گا اور وہاں ان بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لاکر اپیل کروں گا کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے۔

اس موقع پر صدر کشمیر جرنلسٹس فورم سردار عابد خورشید جنرل سیکریٹری زاہد عباسی اور چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی شہزاد راٹھور نے بھی خطاب کیا اور تمام ٹیموں کاشکریہ ادا کیا جنہوں نے فٹبال جیسے سخت جان کھیل کیلئے وقت نکالا اور ٹیمیں بنائیں۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں آج چوبیس اکتوبر کو پہلا میچ صبح ساڑھے نو بجے صدائے چنار اور کشمیر جرنلسٹ فورم، دوسرا سوا دس بجے کشمیر لنک اور کشمیر ایکسپریس، تیسرا گیارہ بجے نیل فیری اور این پی سی جبکہ چوتھا میچ ساڑھے گیارہ بجے کشمیر ٹائمز اور جموں کشمیر کی ٹیموں کے درمیان ہو گاجبکہ اس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل میچ ہوں گے۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور ہوں گے۔

error: Content is protected !!