پاکستان ہاکی میں کھویامقام جلد حاصل کرلے گا، ر ائے تیمورخان بھٹی


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم نے ہاکی ورلڈ کپ کے لئے بھرپور تیاری کی ہے، ہم ٹیم کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، انشاء اللہ ہماری ٹیم فاتح بن کر لوٹے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کو تربیتی کیمپ میں جذبہ حب الوطنی اور لگن کے ساتھ محنت کرتے دیکھا ہے جس سے ہم پرامید ہیں کہ پاکستان ہاکی کے کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام بہت جلد دوبارہ حاصل کرلے گا، قومی ہاکی ٹیم کے ٹیم منیجرحسن سردار اور ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے کہا ہے کہ کھلاڑی جیت کے لئے پرعزم ہیں،قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں انشاء اللہ کامیاب وطن واپس لوٹیں گے، تربیتی کیمپ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے جو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بہت تعاون کیا جس سے ہمارے کھلاڑیوں نے ساری توجہ پریکٹس پر مرکوز رکھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ اورہفتہ کی رات ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلزکے اعزاز میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے ، ماضی میں ہاکی کی دنیا میں پاکستان کا نام سرفہرست تھا، ہمارے کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام دنیا میں بلند کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی جس طرح محنت اور لگن کے ساتھ کھیل رہے ہیں وہ دن دور نہیں کہ پاکستان ہاکی کی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام جلد دوبارہ حاصل کرلے گا، ٹیم نے تربیتی کیمپ میں بہت محنت کی ہے، ہم ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں اللہ تعالی آپ کا حامی و ناصر ہو اور آپ کامیاب لوٹیں اور پاکستان کا پرچم بھارت میں بلند کریں، انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شہروں میں نئی آسٹروٹرف بچھائی جارہی ہیں جس سے ہاکی کے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے اور ہماری ٹیم مزید مضبوط ہوگی۔ قبل ازیں قومی ہاکی ٹیم کا سوئمنگ کمپلیکس آمد پر پرتپاک استقبال کیاگیا، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے فرداً فرداً کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور ان کو خوش آمدید کہا، معروف گلوکار شفقت امانت علی خان نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ میں قومی ہاکی ٹیم کے مورال کوبلند کرنے کیلئے حاضر ہواہوں امید ہے ٹیم کامیاب لوٹے گی۔


ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے جس طرح کی ہاکی دیکھی نئی نسل اب تک اس طرح کی ہاکی نہیں دیکھ سکی، حسن سردار اور توقیر ڈار نے جس طرح ٹیم کو تربیت دی ہے اس سے ہم پوری امید رکھتے ہیں کہ کامیابی ہاکی ٹیم کے قدم چومے گی ، نوجوان کھلاڑیوں سے امید رکھتا ہوں کہ وہ شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور جیت کر لوٹیں گے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ میں دو مرتبہ تربیتی کیمپ میں گیا اور میں نے دیکھا کہ نوجوان کھلاڑی بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ ہاکی ورلڈ کپ کی تیاری کررہے تھے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہاکی کے فروغ کے لئے ہمیشہ ہر طرح سے تعاون کیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔


ٹیم منیجرحسن سردار اور ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے کہا کہ ہم صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے مشکور ہیں کہ انہوں نے عزت افزائی کی ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور خود بھی سپورٹس مین ہیں اور انہوں نے جو سہولتیں دی ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، سہولتوں کی فراہمی سے ٹیم کامورال بلند ہوا ہے اور انہوں نے بہت اطمینان کے ساتھ تربیتی کیمپ میں پریکٹس کی ہے، قومی ہاکی ٹیم جیت کے جذبے سے سرشار ہے، انشاء اللہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ موجودہ ہاکی ٹیم میں ہم سے بہتر کھلاڑی موجود ہیں اور یہ ٹیم ہاکی ورلڈ کپ میں سرپرائز دے گی۔

error: Content is protected !!