ثاقب کرکٹ‘ غضنفر یار غنی کی آل راؤنڈ کارکردگی سے ٹی ایم سی فتح سے ہمکنار


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) غضنفر یار غنی کی آل راؤنڈ کارکردگی نے ٹی ایم سی کو زیڈ اے اسپورٹس کیخلاف 86رنز کی آسان کامیابی سے ہمکنار کرکے محمد ثاقب میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کو یقینی بنادیا۔ مین آف دی میچ غضنفر یار غنی نے 31رنز بنائے اور 4کھلاڑیوں کو 22رنز کے عوض میدان بدر بھی کیا۔ نیوکراچی جیم خانہ نے سرجانی اسپورٹس کو 70رنز سے شکست دی۔ مین آف دی میچ سید افتخار نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ حبیب اﷲ نے 4کھلاڑیوں کو 12رنز کے عوض پویلین کی راہ دکھائی۔میچ کے اختتام پر ندیم خان اور رفیع القمر نے مین آف دی میچ ایوارڈ دئے۔آج (بدھ) منصورہ گراؤنڈ پر پاک فرمان اور جناح سی سی جبکہ پاک فلیگ گراؤنڈ پر لاروش ایف سی اور نورانی اسپورٹس کے مابین مقابلہ ہوگا۔منصورہ گراؤنڈ پر ٹی ایم سی نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 35اوورز کے اختتام پر 7وکٹوں پر 166رنز اسکور بک میں درج کرائے۔حبیب اﷲ 44رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ غضنفر یار غنی نے 31رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز اورطلحہ ملک 24,24رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ عباد الرحمن نے 45رنز پر 2وکٹیں حاصل کیں۔زیڈ اسپورٹس مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 21.5اوورز میں 80رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سلمان ہاشم 17، قدیر ارزال 13اور محمد فیصل 10رنز کے ساتھ ڈبل فیگر اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بنے۔5بلے بازٹی ایم سی کے کھلاڑیوں کی عمدہ فیلڈنگ کے باعث رن آؤٹ ہوئے۔ غضنفر یار خان عمدہ بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی کامیاب رہے۔ انہوں نے 22رنز پر 4حریف بلے بازوں کو میدان سے رخصت کرکے اپنی ٹیم کی فتح کو 86رنز سے یقینی بنادیا۔ایمپائرز جاوید جعفری اور سہیل احمد تھے۔دوسرے میچ میں نیوکراچی جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 35اوورز میں 7وکٹوں پر 168رنز کے مجموعہ کو یقینی بنایا۔ سید افتخار 55رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے نمایاںبلے باز رہے۔ حیدر علی نے 26اور محمدمشرب نے 12رنز بنائے۔ جلال شاہ نے 29رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔سرجانی اسپورٹس جوابی اننگز میں حریف ٹیم کے ہدف کو نہ پاسکی اور 29.3اوورز کا سامنا کرنے کے بعد 98رنز پر پویلین لوٹ گئی۔شعیب برکی 24اوراسرار خان 18رنز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی حریف بولرز کا وار نہ سہہ سکا۔ حبیب اﷲ نے 12رنز پر 4کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ 23رنز کے عوض 3وکٹیں عبداﷲ خالد نے اپنے نام کیں۔ایمپائرز جلال اکبر اور اختر قریشی تھے۔

error: Content is protected !!