چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیم میں تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہےکہ قومی ٹیم کی یہی پرفارمنس رہی تو ٹیم میں تبدیلیاں آئیں گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نےکہا کہ سب کو اپنی ذمہ داری نبھانا پڑے گی، ٹیم میں کوئی بھی ذمہ داری نہیں لے رہا، آخر میں آنے والے کھلاڑیوں کوبھی اپنا کام کرنا ہوگا کیونکہ ٹیل اینڈرز فائیٹ نہیں کررہے اور یہ کمزوری ہے، ایک سال سے ہم یہ دیکھ رہے ہیں ،اب اس پر کام کرنا ہوگا۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ دراصل پریشر ڈیل کرنے کا نام ہے اور ہم چوتھی اننگز کا دباؤ برداشت نہیں کرپارہے، نیوزی لینڈ کے خلاف تینوں میچز ہمارے ہاتھ میں تھے، اگر یہی پرفارمنس رہی تو ٹیم میں تبدیلیاں آئیں گی۔انضمام الحق کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کو اچھا پرفارم کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ رضوان کو کیپنگ کے علاوہ بیٹسمین کے طور پر کھیلنے پر منتخب کیا، سرفراز پر دباؤ نہ ہو اس لیے رضوان کو بھی منتخب کیا، سرفراز کی قیادت میں ٹیم نے میچز جیتے ہیں۔انضام الحق کا کہنا تھا کہ امام الحق کو مجھ سے جوڑنا ٹھیک نہیں وہ اچھا کھلاڑی ہے اور ٹیم میں زیادہ عرصہ کھیل سکتا ہے۔واضح رہےکہ قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے شکست دی ہے اور اب قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہے جس کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔

error: Content is protected !!