15ویں خاور شاہ نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ 26دسمبر سے شروع ہو گی


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیراہتما م پندرہویں خاور شاہ نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ دسمبر 26سے 29تک عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کی ٹیم کا کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر کے مطابق پندرہویں نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے اسلام آباد کی خواتین کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ اسلام آبا دمیں جاری ہے ۔ گذشتہ روز پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے کیمپ کا دورہ کیا۔ اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر طاہر محمود، سیکرٹری جنرل محمد رمضان اور پاکستان فیڈریشن بیس بال کے لیگل ایڈوائزر فخر عامر کاظمی بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ شیخ مظہر نے مزید بتایا کہ سید فخر علی شاہ نے اسلام آبا دمیں بیس بال کی پروموشن کے لئے ایسوسی ایشن کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تقریباًڈھائی لاکھ مالیت کا بیس بال کا سامان دیا جس میں بیٹ ، گیندیں اور گلوز شامل ہیں ۔ سید فخر علی شاہ نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں اتنی بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کا بیس بال میں دلچسپی لینا اور کھیلنا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے بیس بال کی ڈیویلپمنٹ اور پروموشن کے لئے اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

error: Content is protected !!