سنچورین ٹیسٹ تین روز میں ہی ختم،،پاکستانی ٹیم کا دھڑن تختہ


سنچورین(سپورٹس لنک رپورٹ ) سنچورین ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 149رنز کا ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ پروٹیز کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم مارکرم کو کھاتہ کھولے بغیر حسن علی نے پوویلین واپس بھیج دیا ، فخر زمان نے8رنز پر ہاشم آملا کا کیچ ڈراپ کیا جبکہ تھر ڈ امپائر نے اظہر علی کی جانب سے 4رنز پر ڈین ایلگر کا پکڑا گیا کیچ ناٹ آؤٹ قرار دیا جس کا فائدہ اٹھا تے ہوئے دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 119رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد ایلگر شان مسعود کی گیند پر آؤٹ ہوئے ،ڈی برائن10رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے ،پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کا شکار بن گئے ،ہاشم آملا اور باووما نے ٹیم کی کشتی پار لگا دی

۔پاکستان کے لیے حسن علی ، شاہین آفریدی ،شان مسعود اور یاسر شاہ نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی پاکستانی ٹیم 190 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔دوسری اننگز میں پاکستان نے اپنی بیٹنگ 42 رنز کی برتری سے شروع کی تو اوپننگ بلے باز فخر زمان صرف 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔فخر زمان کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق نے شان مسعود کےساتھ ٹیم کا سکور آگے بڑھاتے ہوئے نصف سنچری سکور کی تاہم 57 کے انفرادی سکور پر امام الحق بھی اولیویئر کی گیند پر بولڈ ہو گئے،قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور اسد شفیق دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، اظہر کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹے جب کہ اسد شفیق صرف 6 رنز ہی بنا سکے،کپتان سرفراز احمد پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اپنا کھاتا نہ کھول سکے اور سلپ میں آسان کیچ دے کر آؤٹ ہوئے ،بابر اعظم 6اور محمد عامر بھی 12 رنز بنا سکے۔پاکستان کی جانب سے شان مسعود 65 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ حسن علی 11 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے اور اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا ۔جنوبی افریقا کی جانب سے اولیوئیر نے دوسری اننگز میں بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کے پہلی اننگز میں 181 رنز کے جواب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 223 رنز ہی بناسکی تھی ۔دوسرے روز میزبان ٹیم نے 2 وکٹوں پر 127 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو ٹیمبا باووما 38 اور ڈیل سٹین نے 13 رنز کےساتھ کریز پر موجود تھے۔کھیل کے پہلے ہی سیشن میں میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی گئیں اور پوری ٹیم 223 رنز بناسکی جس کے بعد اسے پاکستان پر 42 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔پروٹیز کی جانب سے ٹمبا باووما 53 رنز کےساتھ نمایاں رہے جب کہ ڈیل سٹین 23، ڈی کوک 45، مہاراج 4 اور کگیسو رابادا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 جب کہ حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 181 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور بابر اعظم 71 رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔

error: Content is protected !!