پندرہویں خاور شاہ نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ پاکستان آرمی نے جیت لی


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام پندرہویں خاور شاہ نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ جس کا انعقاد عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن لاہور میں کیا گیاتھا پاکستان آرمی نے فائنل میں ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان واپڈا کو شکست دے کر جیت لی۔ ایچ ای سی کی ٹیم نے کے پی کے کی ٹیم کو شکست دے کر ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فائنل میچ جوکہ 7 اننگز پر مشتمل تھا پاکستان آرمی نے پاکستان واپڈا کو 13-12سے ہرا کرجیت لیا۔ پاکستان آرمی کی جانب سے عطیہ اسحاق نے 3رن، حرا نصر اور رابعہ شاہد نے 2رن جبکہ عطیہ سیف ، ارم خالد، فریحہ نایاب ،حمیرہ خان ، راشدہ اور زاہدہ نے ایک ایک رن سکورکیا۔ واپڈا کی جانب سے نورین نے 3رنز، عائشہ اعجاز ، سائرہ ذوالفقاراور اُم ھانی نے 2رنز جبکہ زینب ، مدیحہ گجر اور سدرہ نے ایک ایک رن سکورکیا۔
فائنل میچ کے مہمان خصوصی پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید تھے ۔ اس موقع پر پاکستان آرمی کے ڈائریکٹر سپورٹس بریگیڈئیر ظہیر ، پاکستان فیڈریشن بیس بال کے ویمن ونگ کی چیئرپرسن مس سعدیہ علوی ، اوکاڑہ بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر محمد حمود لکھوی اور عمران مجید خان موجودتھے۔
سید فخرعلی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مہمان خصوصی اور دوسرے مہمانوں کا استقبال کیا۔
تقسیم انعامات سے پہلے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سابقہ صدر سید خاور شاہ صاحب (مرحوم) کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
محمد حمود لکھوی نے ایچ ای سی کی ٹیم کو براؤنز میڈل، بریگیڈئیر ظہیر نے پاکستان واپڈاکی ٹیم کو سلورمیڈل جبکہ مہمان خصوصی شوکت جاسید نے چیمپئن شپ کی فاتح پاکستان آرمی کی ٹیم کو گولڈ میڈل اور ٹرافی سے نوازا۔ پاکستان آرمی کی کھلاڑی عطیہ سیف ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں اور انہوں نے مہمان خصوصی سے سید خاور شاہ ایوارڈ وصول کیا۔
میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی شوکت جاوید نے دونوں ٹیموں کے کھیل کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان کی خواتین کھلاڑی بیس بال کے انٹر نیشنل مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے وطن کے لئے کامیابیاں سمیٹیں گی۔
سید فخر علی شاہ صدرپاکستان فیڈریشن بیس بال کے مطابق اگلے سال پاکستان ویمن بیس بال ٹیم نے دوسری ایشین ویمن بیس بال چیمپئن شپ میں جوکہ چائنا میں منعقد ہوگی حصہ لینا ہے ۔ اس سلسلے میں فیڈریشن نیشنل بیس بال چیمپئن شپ میں منتخب ہونے والی کھلاڑیوں کا عنقریب ٹریننگ کیمپ لگائے گی ۔

error: Content is protected !!