امریکی باکسر مے ویدر کا سال نو کا آغاز فتح کے ساتھ،،مقابلے کی ویڈیو دیکھیں


نیویارک (سپورٹس لنک رپورٹ) معروف امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر نے نئے سال کے آغاز سے قبل منعقدہ نمائشی فائٹ میں جاپان کے کک باکسنگ چمپئن تینشن ناسوکاوا کو محض دو منٹ میں تکنیکی بنیادوں پر ناک آؤٹ کر کے شکست دے دی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فائٹ کی ابتدا میں ایسے لگا کہ شاید مے ویدر اسے زیادہ سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور ہلکے پھلکے مکوں سے فائٹ کا آغاز کیا تاہم پھر انہوں نے اپنے روایتی انداز کو اپناتے ہوئے مکوں کی برسات کردی اور ایک منٹ بعد ہی 20سالہ باکسر زمین بوس ہو گئے۔اپنے حریف کو جدوجہد کرتا دیکھ کر مے ویدر نے ناسوکاوا کے کھڑے ہوتے ہی ان پر دوبارہ سے مکوں کی برسات کردی اور چند لمحوں بعد ہی وہ دوبارہ رنگ میں پڑے ہوئے۔ میچ کے لیے رنگ میں کوئی ریفری نہیں تھا اور فاتح کا فیصلہ ناک آؤٹ یا تکنیکی ناک آؤٹ پر ہونا تھا۔جب جاپانی کک باکسر کے ٹرینر نے اپنے شاگرد کو رنگ میں امریکی باسکر کے رحم و کرم پر دیکھا تو پہلے راؤنڈ کے اختتام سے ایک منٹ قبل ہی فوری طور پر فائٹ روک کر مقابلے کے خاتمے اور مے ویدر کی فتح کا اعلان کردیا۔فائٹ جیتنے کے بعد مے ویدر نے کہا کہ یہ فائٹ تفریح سے بھرپور تھی، میں اب بھی ریٹائرڈ ہوں اور میرا باکسنگ رنگ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں اور میں نے یہ فائٹ محض جاپانی شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے لڑی۔ فائٹ کیلئے دونوں فائٹرز کو کتنی رقم کی ادائیگی کی گئی اس کا اعلان تو نہیں کیا گیا لیکن رنگ میں دو منٹ کی فائٹ کے لیے اترنے والے مے ویدر نے اپنی ٹوئٹ میں عندیہ دیا کہ انہیں اس فائٹ کے عوض 9ملین ڈالرز کی خطیر رقم ادا کی گئی۔

error: Content is protected !!