انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا پاکستان گرین نے ایران کو شکست دے دی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا کے دوسرے روز جمعہ کو ساہیوال میں دو میچز کھیلے گئے، پہلے میچ میں پاکستان گرین نے ایران اور دوسرے میچ میںپاکستان وائٹ نے بھارت کوشکست دیدی، ظفرعلی سٹیڈیم میںہزاروں شہریوں نے میچز دیکھے، شائقین کبڈی نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی، سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا، میچ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور تھے، اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ شائقین کبڈی نے میچز میں شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی قوم سپورٹس سے محبت کرنے والی قوم ہے

ساہیوال میں بھارت اور ایران کی کبڈی ٹیموں کا کھیلنا بہت بڑی کامیابی ہے، دیگر کھیلوں کی غیر ملکی ٹیموں کو بھی پاکستان لائیں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق روایتی کھیلوں کو عروج پر لے کر جائیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ کبڈی پنجاب کے گبھرو جوانوں کے خون میں شامل ہے، نوجوان سپورٹس کی جانب آئیں انکی قدم قدم پر رہنمائی کی جائے گی،اس موقع پر وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال، ڈپٹی کمشنر میاں زمان وٹو، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ شاہد فقیر ورک، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور و دیگر بھی موجود تھے

تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والے انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے دوسرے روز جمعہ کو ساہیوال کے ظفر علی سٹیڈیم میں پاکستان کی ٹیموں نے بھارت اور ایران کی ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے، پہلے میچ میں پاکستان گرین کے گبھرو جوانوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کی ٹیم کو 3 پوائنٹس سے شکست دی، پاکستان گرین کے کھلاڑیوں نے خوبصورت کھیل پیش کرتے ہوئے 38پوائنٹس حاصل کئے جبکہ ایران کی ٹیم 35پوائنٹس حاصل کرسکی، سٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے بہترین کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی ، دوسرا میچ پاکستان وائٹ اور بھارت کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان وائٹ نے بھارت کو 38-30سے ہرادیا۔


تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبڈی کے شائقین نے میچز میں بھرپور شرکت کرکے ثابت کردیا کہ کبڈی پنجاب کے عوام کا پسندیدہ اور مقبول کھیل ہے، وسیب میں روایتی کھیلوں کی کمی تھی اس ایونٹس سے وہ کمی دور ہوگئی ہے، مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کروائیں گے، بھارت، ایران کی ٹیموں کی موجودگی سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب نے میلے کی روایت کو پھر زندہ کردیا ہے، کبڈی کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کریں گے اور کبڈی کو پنجاب کی پہچان بنائیں گے، تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا ، غیر ملکی ٹیموں سے کھیل کرہمارے کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئے گی


ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہاہے کہ روایتی کھیلوں کو فروغ دینے سے ثقافت کو بھی فروغ ملے گا، زندہ قومیں اپنی روایات اور ثقافت کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں، کبڈی پنجاب کے گبھرو جوانوں کے خون میں شامل ہے، اس مٹی کے لوگوں کو کبڈی سے بہت محبت ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ آج سٹیڈیم میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں، نوجوانوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ سپورٹس کی جانب آئیں ان کی قدم قدم پر رہنمائی کی جائے گی، کھلاڑی محنت کریں تو کبڈی کو ایک بار پھر عروج پر لے آئیں گے۔


وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان لنگڑیال نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے مشکور ہیں جنہوں نے ساہیوال میں یہ خوبصورت ایونٹ رکھا اور عوام کو خوبصورت تفریح فراہم کی،انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔


تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی،وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان لنگڑیال اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ 13جنوری بروز اتوار کو لاہور میں پہلا میچ پاکستان وائٹ اور ایران، دوسرا میچ پاکستان گرین اور بھارت کے درمیان کھیلا جائیگا۔

error: Content is protected !!