گوگل کا ڈوڈل عبدالحفیظ کاردار کے نام

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان کے سب سے پہلے کرکٹ کپتان عبدالحفیظ کاردار کی 94 ویں سالگرہ پر گوگل نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل ان کے نام کردیا۔عبدالحفیظ کاردار 17 جنوری 1925 کو پنجاب کے مشہور کاردار آرائیں گھرانے میں پیدا ہوئے جنہوں نے اپنا کریئر بطور کرکٹر بنایا۔ان کا شمار اُن تین کھلاڑیوں میں ہوتا جنہوں نے بھارت اور پاکستان دونوں کے لیے کرکٹ کھیلی ہے، ان کے علاوہ عامر الہیٰ اور گل محمد بھی ایسے ہی کھلاڑی ہیں۔پاکستان بننے سے قبل عبدالحفیظ کاردار بھارت کے لیے کھیلتے تھے لیکن قیام پاکستان کے بعد وہ یہاں آگئے اور قومی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی۔آج عبدالحفیظ کاردار کی 94 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے پہلے کپتان تھے ۔عبدالحفیظ کاردار بائیں ہاتھ سے بلے بازی کے شاندار جوہر دکھاتے تھے، انہوں نے اپنے کریئر میں 6 ہزار 832 رنز بنائے جب کہ 344 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بھی حامی تھے، بعدازاں انہوں نے سیاست میں بھی قدم رکھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی صدر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔کرکٹ سے ہٹ کر وہ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش رہے جس کی وجہ سے لوگ ان کی خدمات آج بھی یاد کرتے ہیں۔انہیں متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا، جس میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی شامل ہے۔عبدالحفیظ کاردار 21 اپریل 1996 کو دنیائے فانی سے کوچ کرگئے لیکن کرکٹ کی دنیا میں ان کا نام آج بھی سرفہرست ہے۔

error: Content is protected !!