پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو قابو کرلیا

پورٹ الزبتھ(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نے جنوبی افریقا کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں وکٹوں سے شکست دیدی۔پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 267 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن 45 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔فخر زمان کے بعد بابر اعظم وکٹ پر آئے اور انہوں نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور میں 94 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ بابر اعظم 49 رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔امام الحق بھی 86 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد اولیوئیر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل تھے۔قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز شعیب ملک 12 رنز بنا کر پھیلوکوایو کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد وکٹ پر آئے تو گرین شرٹس کو جیت کے لیے 49 رنز درکار تھے لیکن سرفراز احمد غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک رن بنا کر عمران طاہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔قبل ازیں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ہاشم آملہ اور ہینڈرکس نے کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ہینڈرکس 45 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ہینڈرکس کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاشم آملہ اور وین ڈر ڈوسن نے پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 155 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ڈوسن 93 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔دوسری جانب ہاشم آملہ نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کیرئیر میں اپنی 27 ویں سنچری اسکور کی اور 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

error: Content is protected !!