آسڑیلین اوپن ٹینس ،نوواک جوکووچ نے نئی تاریخ رقم کر ڈالی

میلبرن(سپورٹس لنک رپورٹ) عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ نے عالمی نمبر دو رافیل نڈال کو شکست دے کر ساتویں مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگل ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔اتوار کو آسٹریلیا میں منعقدہ سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے سلسلے میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں عالمی نمبر ایک جوکووچ اور عالمی نمبر دو رافیل نڈال مدمقابل تھے اور اسی وجہ سے شائقین کو امید تھی کہ انہیں ایک بہترین فائنل مقابلہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔یاد رہے کہ 2012 میں بھی ان دونوں کے درمیان آسٹریلین اوپن کا فائنل کھیلا گیا تھا جو اب تک گرینڈ سلیم کی تاریخ کا طویل فائنل تھا اور پانچ گھنٹے 53 منٹ تک جاری رہنے والے اس فائنل میں جوکووچ نے آخری سیٹ 5-7 سے جیت کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

البتہ اس مرتبہ شائقین کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا اور جوکووچ نے اپنے حریف کو یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی شکست دے دی۔نڈال جب اتوار کو فائنل کے لیے روڈ لیور ارینا میں داخل ہوئے تو آسٹریلین اوپن 2019 میں ایک بھی سیٹ نہیں ہارے تھے جس کی وجہ سے انہیں فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا لیکن جوکووچ نے ان کے ارمانوں پر پانی پھیردیا۔شائقین کی توقعات کے برعکس جوکووچ نے نڈال کو صرف 1 گھنٹے 46منٹ میں اسٹریٹ سیٹس میں 3-6، 2-6 اور 3-6 سے زیر کر کے آسٹریلین اوپن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔جوکووچ نے ساتویں مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹائٹل اپنے نام کیا جو نیا عالمی ریکارڈ ہے

انہوں نے سابق چیمپیئن راجر فیڈرر کا ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا جنہوں نے چھ مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹائٹلز جیت رکھے تھے۔اس فتح کے ساتھ ہی جوکووچ زیادہ گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے، گرینڈ سلیم جیتنے والے 15واں گرینڈ سلیم جیتنے والے سربین اسٹار نے سابق امریکی اسٹار پیٹ سمپراس کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا جنہوں نے 14 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیت رکھے تھے۔سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتنے کا عالمی اعزاز راجر فیڈرر کو حاصل ہے جنہوں نے 20 ٹائٹلز اپنے نام کر رکھے ہیں جبکہ نڈال 17 ٹائٹلز جیت کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

error: Content is protected !!