ڈیرن سیمی اے پی ایس پہنچ گئے،شہید طالبعلموں اور اساتذہ کو خراج عقیدت

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ)پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کا دورہ کیا اور 4 سال قبل دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے طالب علموں اور اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کٹ کی تقریب رونمائی کے سلسلے میں پشاور پہنچے جہاں انہوں نے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا۔ڈیرن سیمی کے ہمراہ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل بھی موجود تھے۔پشاور زلمی کے کپتان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول اور حملے میں متاثر ہونے والے طالبِ علموں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔انہوں نے اسکول آڈیٹوریم میں اپنے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب بھی کیا اور 16 دسمبر 2016 کو دہشت گردی کا شکار بننے والے طالبِ علموں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ایک پیغام میں کہا کہ ڈیرن سیمی کی اے پی ایس آمد سے طالبِ علموں کے چہروں پر خوشی بکھر گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پشاور زلمی کو اپنے مداحوں پر فخر ہے جو ان سے اتنا محبت کرتے ہیں، تاہم ہم بھی اس محبت کو لوٹانے کے طریقے ڈھونڈتے رہتے ہیں۔پشاور زلمی کی پی ایس ایل 2019 کے لیے کٹ اور ترانے کی تقریب رونمائی کے لیے آنے والے ڈیرن سیمی نے بھی پشاور کے عوام سے ملنے والی محبت کا جواب دینے میں دیر نہیں لگائی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہی ڈیرن سیمی نے پیغام میں پشاور کے لوگوں سے ملنے والی محبت کو سچی محبت قرار دیتے ہوئے پشاور کے باسیوں کا شکریہ ادا کیا۔

error: Content is protected !!