سکی مقابلوں میں شاندار کارکردگی،کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) تیسرے سرینا ہوٹلز چیف آف دی ائیر سٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن ا سکی کپ، تیسرے مالم جبہ انٹر نیشنل الپائن ا سکی کپ اور 26ویں نیشنل اسکی چیمپئن شپ کی تقریبِ تقسیم انعامات سرینا ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، جو کہ ونٹر سپورٹس فیڈریشن کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی کی آمد پر ونٹر سپورٹس فیڈریشن کے صدر ، ائیر مارشل عاصم ظہیر نے انکا استقبال کیا۔ چیف منسٹر گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ، وزیرِ سیاحت خیبر پختونخوا محمد عاطف خان ، سی ای او سرینا ہوٹلز عزیز بولانی ، سفراء، اعلیٰ فوجی اور سول عہدیداران کے علاوہ 12ممالک کے 40غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلزنے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کی شاندار خوبصورتی اور روایتی مہمان نوازی کی خوشگوار یادیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔ انہوں نے بین الاقوامی کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ملکوں میں پاکستان کے سفیر کے طور پر اس خوبصورت ملک کی حقیقی تصویر پیش کریں۔ ونٹر سپورٹس کے فروغ میں سرینا ہوٹلز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر سے دیگر اداروں کوبھی چاہیے کہ وہ اس پر جوش کھیل میں مزید با صلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو سپانسر کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے سرینا ہوٹلز کے تعاون سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے برف پوش پہاڑوں میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیاہے۔ انہوں نے ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ میں ونٹر سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسطرح کے ایونٹس منعقد کرنے سے نہ صرف نئے ٹیلنٹ کو ڈھونڈنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ ملک میں سیاحت کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

مہمانِ خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں تمغے اور نقد انعامات تقسیم کئے۔انٹر نیشل مقابلوں کی سلالم اور جائنٹ سلالم کیٹیگریز میں یوکرائن کے تسبیلینکو لیوکونے سونے کا ایک اور چاندی کے تین جبکہ انکے ہم وطن اینڈریے ماریچن نے ایک سونے اور تین کانسی کے تمغے حاصل کئے۔ جائنٹ سلالم کیٹیگری کی دونوں ریسز میں سونے کے دونوں تمغے ترکی کے استابرکین نے حاصل کئے۔ پاکستان کے محمد کریم نے سلالم کیٹیگری میں ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

خواتین کے مقابلوں کی دونوں کیٹیگریز میں یوکرائن کی تائکون تیتیانہ تین سونے اور ایک چاندی جبکہ انکی ہم وطن ایناسٹیسیا گوربنو وا ایک سونے اور تین چاندی کے تمغوں کے ساتھ چھائی رہیں۔ پاکستانی اسکیئر عمامہ ولی نے اپنے بہترین کھیل سے تین کانسی کے تمغے حاصل کئے جبکہ جیا علی نے سلالم کیٹیگری میں ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ ان کے علاوہ ملکی سطح پر منعقدہ26ویں نیشنل اسکی چیمپئن شپ کی ٹرافی پاک فضائیہ نے جیت لی۔

error: Content is protected !!