کوچنگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب کے حوصلہ افزاء نتائج آئے ہیں،، ڈی جی سپورٹس پنجا ب

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ جنوری میں 7 کھیلوں ہاکی، کبڈی، والی بال، اتھلیٹکس، میٹ ریسلنگ، پاور لفٹنگ اور ویٹ لفٹنگ کے لگائے گئے کوچنگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں ، ان کیمپس سے کھلاڑیوں کی نئی کھیپ پیدا ہوئی ہے، مزید کھیلوں کے یکم اپریل سے کوچنگ کیمپس مختلف اضلاع میں لگائے جارہے ہیں اور اس کا دائرہ پورے پنجاب میں پھیلایا جائے گا اور نیا ٹیلنٹ تلاش کرکے ماہرین سے تربیت دلائی جائے گی، سپورٹس کے فروغ کے لئے گراس روٹ لیول سے کھلاڑی پیدا کرنا ہوں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں حال ہی میں لگائے گئے 7کھیلوں کے کوچنگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب اور یکم اپریل سے شروع ہونے والے کوچنگ کیمپس کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک محمد انیس شیخ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی،لاہور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد کے ڈویژنل سپورٹس افسران اور لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباداور سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران نے شرکت کی، اجلاس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران نے کوچنگ کیمپس آف سپورٹس بورڈ پنجاب کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا، اجلاس کو بتایا کہ کیمپس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کا ڈیٹا تیار کرلیا گیا ہے، افسران نے بتایا کہ یکم اپریل سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپس کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرو ر نے مزید کہا کہ جن کھلاڑیوں کو تربیت دی گئی ہے وہ پریکٹس جاری رکھیں اور اپنے کھیل کو بہتر بنانے کے لئے محنت کریں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ماہر کوچز سے کھلاڑیوں کو تربیت دلائی ہے لٰہذا وہ اس محنت کو ضائع نہ ہونے دیں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان کھلاڑیوں کو آگے لے کر چلے گا، انہوں نے ہدایت کی کہ یکم اپریل سے شروع ہونے والے کوچنگ کیمپس کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور کھلاڑی کو ہرطرح کی سہولت فراہم کی جائے۔

error: Content is protected !!