صدر سینٹرل سید عثمان شاہ کا ڈسٹرکٹ سینٹرل کی منتخب ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) سکسٹین اسٹار گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا پر ڈی ایف اے سینٹرل کی منتخب ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے ۔ کوچزیاسر عرفات، مدثر، شیخ اکبر تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس اور کمبنیشن پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ سید عثمان شاہ ، صدر ڈی ایف اے سینٹرل نے سکسٹین اسٹار گراؤنڈ پر منتخب ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کوتربیت کرتے دیکھا۔ اس دوران سید عثمان شاہ کا تربیتی کیمپ میں موجود منتخب کھلاڑیوں سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ انہوں نے ڈی ایف اے سینٹرل کے سیکریٹری سلیم پٹنی، نائب صدور محمد عاکف، محمد شمیم،یاسر عرفات، مدثر، آدم جی، خورشید شاہ،شیخ اکبر، محسن یوسف زئی، ہارون شیرازی، محمد قاسم، ابتسام شہروزودیگر کو ٹیم سلیکشن اور عمدہ انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا ۔ سید عثمان شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے پوری امید ہے کہ آپ سب حضرات کی محنتیں رنگ لائیں گی۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ٹیم 17فروری سے محمدی گراؤنڈ ملیر پر منعقدہ کراچی انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کرے گی۔ کیمپ کمانڈنٹ سید خورشید علی شاہ نے سید عثمان شاہ کی تربیتی کیمپ آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد سے کھلاڑیوںمیں جوش وجذبہ اور ایک تحریک پیدا ہوئی ہے جس کے اثرات میچوں کے دوران واضح طور پر نظر آئیں گے۔ اور منتخب کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے عین مطابق بھرپور کارکردگی پیش کرکے ڈسٹرکٹ سینٹرل کا نام روشن کریں گے۔

error: Content is protected !!