انضمام کو بیٹنگ کوچ کی اضافی ذمہ داری ملنے کا امکان

دبئی ( عبدالرحمن رضا سے)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بیٹنگ کوچ کی اضافی ذمہ داری ملنے کا امکان روشن ہو گیا ہے کیونکہ پی سی بی کے تھنک ٹینک نے قومی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا ہے۔پی سی بی کے قریبی ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ دو ہزار انیس اب صرف چار مہینے دور رہ گیا ہے جنوبی افریقہ کے دورے پر قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ پرفارمنس نے سب کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے ، قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی سپورٹ میں کمی واقع ہونے کےباعث ان کی جگہ انضمام الحق کو یہ اضافی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق انضمام الحق نے جنوبی افریقہ پہنچ کر قومی کرکٹرز کو بیٹنگ ٹپس دی ہیں جو ممکنہ طور پر ورلڈ کپ سے قبل بیٹنگ کوچ کا منصب بھی سنبھال سکتے ہیں کیونکہ ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ ناکامی کے بعد ون ڈے میچوں میں بھی بیٹنگ پرفارمنس کا عدم تسلسل واضح ہے جس کے پیش نظر میگا ایونٹ سے قبل قومی ٹیم میں کچھ اہم تبدیلیاں ناگزیر ہو چکی ہیں اور چیف سلیکٹر کی بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے تعیناتی اس حوالے سے پہلا قدم ہو سکتی ہے۔انضمام الحق اس سے قبل 2012-13کے دورہ بھارت سے قبل بھی قومی ٹیم کے ساتھ بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرچکے ہیں جب کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان آصف اقبال نے بھی چند روز قبل اپنے ایک انٹر ویو کے دوران کہا تھا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران قومی ٹیم کے ناقص کاکردگی پر کوچنگ سٹاف کی بھی باز پرس ہونی چاہیئے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ورلڈ کپ سے گرانٹ فلاور گرین شرٹس کے ساتھ بحیثیت بیٹنگ کنسلٹنٹ منسلک ہیں مگر ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بیٹنگ کوچ کی اضافی ذمہ داری ملنے کا امکان روشن ہو گیا ہے کیونکہ پی سی بی کے تھنک ٹینک نے قومی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا ہے

error: Content is protected !!