بھارتی کرکٹرز کو بھی پی ایس ایل میں دیکھنے کا خواہاں ہوں، احسان مانی

نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی بھارتی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں دیکھنے کے خواہاں ہیں جن کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس حوالے سے خیرسگالی کے جذبے کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ تین سیزن کی زبردست محنت کے بعد پاکستان سپر لیگ ایک برانڈ کا درجہ اختیار کر چکی ہے مگر بدقسمتی سے اس میں بھارتی کھلاڑی موجود نہیں جن کی اپنی دیگر مصروفیات ہیں اور انہیں ایونٹ میں کھیلتا دیکھ کر انہیں بہت زیادہ خوشی ہو گی۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پلیئرز کو غیر ملکی لیگز میں شرکت کی اجازت نہ ملنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے احسان مانی کا کہنا تھا کہ انہیں پوری امید ہے کہ وقت کے ساتھ حالات میں بہتری آئے گی اور جس طرح دنیا بھر کے کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کیلئے بھارت آتے ہیں اسی طرح بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی خیرسگالی کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو اجازت دینی چاہئے تاہم فوری طور پر ایسا ہونا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ان کا کہنا تھا کہ خواہ مکمل طور پر نہ سہی لیکن وہ آئندہ سیزن سے پی ایس ایل کے بیشتر میچز پاکستان میں کرانے کی کوشش کریں گے اور اس بارے میں مزید غور پی ایس ایل فور کے بعد کیا جائے گا کیونکہ اس بات کا انحصار بہت سی باتوں پر ہے۔احسان مانی نے کہا کہ ملک میں سٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور غیر ملکی کھلاڑی بخوشی پاکستان آنے پر تیار ہیں جن کو سکیورٹی کے حوالے سے کوئی بھی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔

error: Content is protected !!