پاکستان سپر لیگ فور،پاکستان میں میچوں کیلئے کرکٹرز کو لاہور لانے کے انتظامات مکمل

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کیلئے کھلاڑیوں کو دبئی سے کراچی اور لاہور پہنچانے کیلئے چارٹرڈ فلائٹ کا بھی انتظام کرلیا ہے اور اگر کسی بھی وجہ سے کمرشل فلائٹ دستیاب نہ ہوئی تو کھلاڑیوں، آفیشلز اور فرنچائز مالکان اور ان کے مہمانوں کیلئے چارٹرڈ جہاز کا انتظام کیا جائے گا۔چیئر مین پی سی بی احسان مانی سے جب اس ضمن میں پوچھا گیا کہ فضائی آپریشن ابھی تک معطل ہے تو ان کا جواب تھا کہ لاجسٹک کے معاملات پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی گہری نظر اور متعلقہ حکام سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ ہے، یقین ہے کہ اس ضمن میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی۔احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی تمام چھ ٹیموں کے غیرملکی کھلاڑی جنہوں نے پہلے سے پاکستان میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کررکھی تھی وہ اب بھی پاکستان جانے کیلئے تیار ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگیا ہے ، لیگ کا فائنل 17مارچ کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی، لیگ راؤنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائےگی۔

error: Content is protected !!