کراچی میں میچوں کیلئے سکیورٹی، ہائی الرٹ، کنٹرول رینجرز کے سپرد

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پی ایس ایل فور کے میچز کی تاریخیں قریب آتے ہی حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے، نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور کنٹرول سندھ رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پی ایس ایل کی تیاریاں عروج پر ہیں، انتظامی امور کے بعد سیکورٹی اقدامات بھی فائنل کر لئے گئے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی سکیورٹی سندھ رینجرز کے حوالے کر دی گئی ہے جس کے بعد نیم فوجی دستوں کی سٹیڈیم کے اندر اور باہر بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار بھی رینجرز کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں گے، رینجرز کمانڈوز کے دستے بھی نیشنل سٹیڈیم پہنچا دیئے گئے ہیں۔ سٹیڈیم میں سکیورٹی چیکنگ کے آلات اور کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا جائے گا جو میچز کے انعقاد کی ریہرسل کے دوران ماہرین کی زیر نگرانی فائنل کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کراچی میں 8 میچزکھیلے جائیں گے جو 9 مارچ سے شروع ہوں گے۔واضح رہے کہ لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل میچز بھی اب کراچی میں منعقد کئے جارہے ہیں، پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کھلاڑیوں اور غیر ملکی مہمانوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

error: Content is protected !!