فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ میں پاک سورتی کی ریکارڈ 404رنز کی اننگز

کراچی () پاک سورتی کے کھلاڑیوں کی دھواں دھار بیٹنگ نے مقررہ 45اوورز میں 6وکٹوں پر 404رنز جڑ دئے۔ حریف پیراماؤنٹ سی سی کی پوری ٹیم 134رنز پر ڈھیر ہوگئی۔انہیں 270رنزکی شکست کا سامناکرنا پڑا۔ اصغر بابر نے 3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ زون VIIمیں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ناظم آباد ’بی‘ نے بہاولپور سی سی کو 6وکٹوں سے مات دی۔ بلال خان کی نصف سنچری اور فہد خان کے 4شکار کا فتح میں کلیدی کرداررہا۔آصف آباد اسپورٹس گراؤنڈ پر پاک سورتی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45اوورز میں رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا جب 6وکٹوں کے نقصان پرریکارڈ 404رنز اسکور بورڈ پر لگائے گئے۔ مطیع الرحمن نے 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 136رنز اسکور کئے۔ اصغر بابر نے 81رنز میں 10چوکے اور 2چھکے لگائے۔ ظہیر احمد کے 40رنز میں 5چوکے اور ایک چھکا جبکہ وقاص احمد نے 32رنز میں 4چوکے رسید کئے۔ شہاب الدین کو 2وکٹیں 77رنز کے عوض ملیں۔پیراماؤنٹ سی سی کی جوابی اننگز37.1اوورزمیں 134رنز پر تمام ہوگئی۔ محمد شاہد 5چوکے لگاکر 34رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے۔ محمد اظہر 24رنز کی اننگز میں 4چوکے لگاسکے۔ فراز خالد کے 13رنز میں ایک چوکا شامل تھا۔ اصغر بابر نے 28رنز پر 3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ عبدالحسین اور ہارون شبیر کو 2،2وکٹیں ہاتھ لگیں۔ایمپائرز نذیر بٹ اور محمد اصغر آفیشل اسکورر جنید افضل تھے۔ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ پر بہاولپور سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 32.3اوورز میں 130رنز بنا کر پویلین سدھارگئی۔محمد شعیب نے 4چوکے لگا کر 26رنز، ارباز خان نے 22رنز میں 3چوکے اور شہر یار عالم نے 14رنز اسکور کئے۔ ایکسٹرا رنزکی تعداد 27رہی۔ فہد خان نے 17رنز پر 4کھلاڑیوں کو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا، عبداﷲ عالم نے 32رنز پر 3کھلاڑیوں کو چلتا کیا اور محمد حسن نے39رنز پر 2وکٹیں حاصل کیں۔ ناظم آباد جیم خانہ ’بی‘ نے مطلوبہ ہدف کو 14.3اوورز میں باآسانی یقینی بنالیا جب 4وکٹوں پر 133رنز جوڑے گئے۔ بلال خان نے 11چوکوں کی بدولت 62رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ حمزہ ملک نے 3چوکے لگا کر 28رنز اور نعمان خان نے 20میں 3چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ زعیم سرور کو 32رنز پر 2وکٹ ملے۔ محمد اصغر اور نذیر بٹ ایمپائرز جبکہ عمران علی آفیشل اسکورر تھے۔

error: Content is protected !!