پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کا ’’معرکۂ حق – پاکستان کومبیٹ نائٹ‘‘ کا اعلان
عالمی فائٹرز کے مقابلے لاہور میں 24 اگست کو ھوگی۔


پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کا ’’معرکۂ حق – پاکستان کومبیٹ نائٹ‘‘ کا اعلان،
عالمی فائٹرز کے مقابلے لاہور میں 24 اگست کو ھوگی۔
لاہور: پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PAKMMAF) نے پاکستان کی اسپورٹس کامیابیوں اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک شاندار ایونٹ ’’معرکۂ حق – پاکستان کومبیٹ نائٹ‘‘ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایونٹ 24 اگست کو لاہور کے ڈی ایچ اے اسٹیڈیم فیز 6 میں ہوگا۔
ایونٹ میں دو بڑے مقابلے شامل ہوں گے: پاکستان اوپن ایم ایم اے چیمپئن شپ اور روڈ ٹو بریو 100۔ پاکستان اوپن ایم ایم اے چیمپئن شپ میں مرد و خواتین ایمیچور فائٹرز مختلف ویٹ کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔ فاتح کھلاڑی اس سال جارجیا میں ہونے والی عالمی ایم ایم اے چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
دوسری جانب روڈ ٹو بریو 100 میں پاکستان کے پانچ ٹاپ فائٹرز ازبکستان، آذربائیجان، ایران، مصر اور مراکش کے عالمی شہرت یافتہ حریفوں کے ساتھ آمنے سامنے ہوں گے۔ کامیاب کھلاڑی بحرین میں ہونے والے بریو سی ایف 100 کے عالمی ایونٹ کے لئے کوالیفائی کریں گے۔
فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور وژن کے باعث ایم ایم اے آج پاکستان کے نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل بن چکا ہے اور یہ مستقبل میں عالمی اسپورٹس میں پاکستان کی شناخت بنے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستانی فائٹرز نے بھارت کے کھلاڑیوں کے خلاف دس مقابلے جیت کر ملکی وقار بلند کیا۔
ایونٹ میں خواتین کھلاڑی بھی بھرپور حصہ لیں گی جن میں گولڈ میڈلسٹ بانو بٹ اور ایمان خان نمایاں ہیں۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرے گا بلکہ پاکستان کو عالمی اسٹیج پر نمایاں کرنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔
وزیرِ کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے کہا کہ صوبائی حکومت کا ہدف پنجاب کو پاکستان کا اسپورٹس کیپیٹل بنانا ہے اور ایم ایم اے اس وژن کا اہم ستون ہے۔ ’’پاکستان کومبیٹ نائٹ‘‘ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایک قومی بیانیہ ہے جو صلاحیت، اتحاد اور پاکستان کی عالمی اسپورٹس میں برتری کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔



