ورلڈ اسنوکر: شاہد آفتاب اور محمد سجاد کی اگلے مرحلے میں پیش قدمی

ورلڈ اسنوکر: شاہد آفتاب اور محمد سجاد کی اگلے مرحلے میں پیش قدمی
دوحہ، قطر: اسنوکر کی عالمی چیمپئن شپ کے دوسرے دن دو پاکستانی کیوئسٹ اگلے مرحلے میں داخل ہوگئے ،
پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے ترجمان نوید کپاڈیہ کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے کیوئسٹس شاہد آفتاب اور محمد سجاد عمدہ کارکردگی کی بدولت میگا ایونٹ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے۔
آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے کے پہلے ایونٹ کے رائونڈ 32 میں پاکستان کے شاہد آفتاب نے بحرین کے پونیت ساقر کو چار، ایک فریم سے شکست دے کر رائونڈ 16 میں جگہ بنالی۔
شاہد آفتاب پہلا فریم 55-30 کے اسکور سے ہار گئے تاہم انہوں نے شاندار فائٹ بیک کرتے ہوئے انہوں نے اپنے بحرینی حریف کے خلاف 6-79، 9-76، 48-64 اور 18-64 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان ہی کے محمد سجاد جو براہ راست رائونڈ 32 میں شامل کیے گئے تھے، نے اپنے پولش حریف کرزسزٹوف سیزاپنک کے خلاف اسی فریم اسکور سے جیت کو گلے لگایا۔
ان کی جیت کا فریم اسکور 74-40، 60-71، 46-52 اور 0-118 تھا۔ محمد سجاد نے میچ کے دوران 114 کا شاندار سنچری بریک بھی کھیلا۔

