رائل پام ٹیم ٹرافی کا آغاز، اینا جیمز گل 70 گراس اسکور کے ساتھ نمایاں

رائل پام ٹیم ٹرافی کا آغاز، اینا جیمز گل 70 گراس اسکور کے ساتھ نمایاں
لاہور: لاہور کے خوبصورت رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب میں 15ویں رائل پام ٹیم ٹرافی کا آغاز جوش و خروش کے ساتھ ہوا، جہاں پہلے دن لیڈیز گالفرز نے اپنی مہارت، اعتماد اور عزم و ہمت کا شاندار مظاہرہ کیا۔
سرسبز فئیر ویز اور چیلنجنگ کورس پر خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کو دلکش رنگ دیا۔
افتتاحی دن کی نمایاں کھلاڑی اینا جیمز گل رہیں، جنہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 70 گراس اسکور کے ساتھ گراس ونر کا اعزاز حاصل کیا۔
ان کا پُر اعتماد انداز، نپی تلی حکمتِ عملی اور مسلسل درستگی نے انہیں نمایاں برتری دلائی۔ زیب النساء نے شاندار کھیل کے ذریعے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ رائل پام کی عروج کنول تیسرے نمبر پر رہیں۔
نیٹ کیٹیگری میں میزبان کلب کی ثاقبہ بتول نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلا اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ الہہ امجد نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور ڈاکٹر شاہین عرفان تیسرے نمبر پر رہیں۔
نئی اور ابھرتی ہوئی خواتین گالفرز، خصوصاً اینا جیمز گل اور زیب النساء، کو ان کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور دباؤ میں پُر سکون کھیل پیش کرنے کی صلاحیت پر سراہا گیا۔
ان کھلاڑیوں کی شمولیت اس حقیقت کی عکاس ہے کہ پاکستان میں ویمن گالف تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور نئی نسل کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ٹیم ایونٹ کا باقاعدہ آغاز جمعہ، 7 نومبر 2025 کو ہوگا، جس کے لیے شرکاء میں جوش و ولولہ بڑھ رہا ہے۔ مختلف ٹیمیں رائل پام ٹیم ٹرافی کے معزز اعزاز کے حصول کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں،
جو لاہور کے نمایاں ترین گالف مقابلوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ کرنل جلیل کی زیر نگرانی نہایت عمدہ انتظامات کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے.



