محسن نقوی کا پنڈی اسٹیڈیم کا دورہ ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی کا سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
راولپنڈی (عبدالغفار خان/سپورٹس لنک پی کے) وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا
اور سری لنکا اور پاکستان کے درمیان جاری میچ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر پولیس، رینجرز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام سے سیکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ لی۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے، اور مہمان ٹیم کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔



