کرکٹ

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی منظوری

پی سی بی کا بڑا فیصلہ:نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی منظوری

لاہور: پی سی بی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا،

جس میں پاکستان کرکٹ کے انفراسٹرکچر، پی ایس ایل کی عالمی تشہیر، ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ اور مستقبل کے بین الاقوامی ایونٹس سے متعلق کئی بڑے فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں ملک میں کرکٹ کے معیار کو عالمی سطح پر لے جانے کے عزم کا واضح اظہار کیا گیا اور متعدد منصوبوں کی باضابطہ منظوری دی گئی۔

اجلاس کا ایک اہم فیصلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی منظوری تھا، جسے پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

بورڈ آف گورنرز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن نہ صرف شائقین کو بہتر سہولیات فراہم کرے گی بلکہ بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔

اسی تسلسل میں لاہور کے تاریخی ایل سی سی اے گراؤنڈ کو انگلینڈ کے مشہور اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس سے ملکی کرکٹ انفرا اسٹرکچر کو عالمی معیار کے قریب لانے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے لندن اور نیویارک میں منعقد ہونے والے روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

بورڈ ممبران نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان روڈ شوز نے پی ایس ایل کی عالمی سطح پر شناخت کو مضبوط کیا اور لیگ کو ایک بین الاقوامی برانڈ بنانے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورہ پاکستان کو جاری رکھنے کے لیے چیئرمین پی سی بی کی ذاتی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جسے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے تسلسل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے اظہارِ تشکر کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن دورے کو جاری رکھنے کا کریڈٹ کسی ایک فرد کو نہیں بلکہ پوری ٹیم کو جاتا ہے، جنہوں نے اخلاص، محنت اور پیشہ ورانہ انداز میں کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نیت صاف رکھی، محنت کی اور اللہ تعالیٰ نے مدد فرمائی۔ پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی بھی پی سی بی اور پی ایس ایل کی پوری ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے، جنہوں نے شبانہ روز محنت کر کے لیگ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

چیئرمین پی سی بی نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ پی ایس ایل 11 کے میچز مظفرآباد اسٹیڈیم میں بھی کرائے جائیں اور مستقبل میں وہاں بین الاقوامی میچز کے انعقاد کا خواب بھی پورا کیا جائے۔

انہوں نے اسلام آباد میں ایک جدید، اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان بھی کیا، جسے دارالحکومت میں کرکٹ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ریجنل سطح پر ایک معروف نجی فرم نے کلبز کی اسکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو شفاف اور مضبوط بنانا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے اجلاس کو پی ایس ایل روڈ شوز کی تفصیلات سے بریف کیا جب کہ بورڈ کو آئندہ آئی سی سی ویمنز اور مینز کرکٹ ٹورنامنٹس، ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور نچلی سطح پر ٹورنامنٹس و میچز کی تعداد بڑھانے سے متعلق بھی جامع بریفنگ دی گئی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!