دیگر سپورٹس

پاکستان کے انڈر-17 ٹیبل ٹینس ستارے ایشیائی تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے دوحہ روانہ

پاکستان کے انڈر-17 ٹیبل ٹینس ستارے ایشیائی تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے دوحہ روانہ

کراچی( رپورٹ ریحان اکرم) پاکستان کے چار اُبھرتے ہوئے ٹیبل ٹینس کھلاڑی حور فواد، حائقہ حسن، ارحم بن فرخ اور محمد حمدان دوحہ، قطر میں منعقد ہونے والے "شیپنگ فیوچر اسٹار، ایشین ٹیبل ٹینس پروگرام اکیڈمی میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

یہ تربیتی پروگرام 14 سے 19 مئی تک جاری رہے گا۔یہ پروگرام ایشیا بھر سے منتخب کیے گئے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی تکنیکی، جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق نکھارنے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے۔

اس دوران کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی تربیت، بین الاقوامی تجربے اور مایہ ناز کوچز سے سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ شرکاء کو نہ صرف ٹریننگ دی جائے گی بلکہ دیگر ممالک کے ہم عمر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے ان کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی نمایاں کارکردگی، مستقل مزاجی اور کھیل کے تئیں لگن کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

روانگی سے قبل ان کھلاڑیوں نے ایک مختصر تربیتی کیمپ میں بھی حصہ لیا تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

یہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کے روشن مستقبل کی امید ہیں، اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اس نوعیت کے بین الاقوامی مواقع نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ عوام اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں کی جانب سے ان کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!