ٹی 20سیریز: بنگلادیشی حکومت کا ٹیم کے دورۂ پاکستان کا مثبت اشارہ

ٹی 20سیریز: بنگلادیشی حکومت کا ٹیم کے دورۂ پاکستان کا مثبت اشارہ
ڈھاکا ویب ڈیسک : پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان مجوزہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ممکنہ دورۂ پاکستان کے لیے حکومتی سطح پر گرین سگنل مل گیا۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے حالیہ بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکومت نے اس دورے کے حوالے سے مثبت رویہ اپنایا ہے اور امکان ہے کہ جلد ہی اس کی باضابطہ منظوری بھی جاری کر دی جائے گی۔
کرکٹ حلقوں میں بنگلا دیش کے اس فیصلے کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ جنوبی ایشیا میں کرکٹ سیریز کا انعقاد نہ صرف کھیل بلکہ سفارتی تعلقات میں بہتری کا بھی ذریعہ ہے۔
بی سی بی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کے خلاف شیڈول پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے حکومت کی جانب سے رسمی منظوری کا انتظار ہے جب کہ داخلی سطح پر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ پہلے ہی اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان روانگی کے لیے درکار سفری دستاویزات تیار کرنے کی ہدایت دے چکا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ بورڈ اس مجوزہ دورے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔
بی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کی سیکورٹی، میزبانی اور دیگر انتظامی معاملات پر دونوں بورڈز کے درمیان مسلسل رابطہ ہے۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس سیریز کی میزبانی کے لیے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سیریز کے لیے ایک نیا مجوزہ شیڈول ترتیب دیا جا رہا ہے،
جس میں پہلا میچ 27 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ سیریز کے اگلے 2 میچز فیصل آباد میں کھیلے جانے کا امکان ہے جب کہ آخری 2 میچز ایک بار پھر لاہور میں ہوں گے۔
اس مجوزہ پلان کے تحت اگر حکومت بنگلا دیش کی ٹیم کو دورے کی اجازت دے دیتی ہے تو یہ نہ صرف پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہوگا کہ پاکستان ایک محفوظ اور قابلِ اعتماد میزبان ملک ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ری شیڈولنگ کے بعد اب پی سی بی نے مکمل توجہ اس سیریز پر مرکوز کر دی ہے اور حتمی شیڈول جلد جاری کیے جانے کی توقع ہے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ لاجسٹک مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا شیڈول ترتیب دیا جا رہا ہے جس میں ٹیموں، شائقین اور براڈکاسٹرز کے لیے سہولت ہو۔
اس سیریز سے قبل شارجہ میں بنگلا دیش اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچز 17 اور 19 مئی کو ہوں گے۔ اس دورے کو پاکستان کے خلاف مجوزہ سیریز سے پہلے کی تیاریوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



