PSL2025

پی ایس ایل 10 ،پشاور زلمی کو شکست، کراچی کنگز نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا

پشاور زلمی کو 23رنز سے شکست، کراچی کنگز نےپلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا

راولپنڈی : پی ایس ایل 10 کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 238 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بناسکی، بابر اعظم کی 94 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔

پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کنگز کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 238 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز پر محدود رہی۔

زلمی کے کپتان بابراعظم نے شاندار 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ صائم ایوب 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے دو جب کہ حسن علی اور حمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کےکپتان ڈیوڈ وارنر نے 86 اور جیمز ونس نے 72 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ 43 اور محمد نبی 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے لیوک ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک ایک وکٹ لی۔

میچ سےقبل کھلاڑیوں اور آفیشلز نے مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کی بہادرمسلح افواج کوزبردست خراج تحسین پیش کیاگیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ اس پچ پر 170سے180رن تک روکنا کامیابی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ آج ون ڈاؤن پر بیٹنگ کریں گے۔ بولے کہ پچ دیکھنے میں خشک لگ رہی ہے،لوگ مجھے دیکھنے اسٹیڈیم آتے تو خوشی ہوتی ہے۔

کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح ایکشن دکھانے کیلئے مکمل تیار ہیں،پچ دیکھنے میں بہت ہی اچھی لگ رہی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!