انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے کویت کو 163رنز سے شکست دے دی

کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ)اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے کویت کو 163رنز سے شکست دے دی۔سری لنکا میں جاری اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور کویت کی ٹیموں کے درمیان میچ ٹائران فرنینڈو اسٹیڈیم موراٹوا میں کھیلا گیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے کویت کے خلاف میچ میں 163 رنز سے کامیابی حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے برق رفتار نصف سنچری اسکور کی۔ محمد و سیم نے 20 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ ان کی اننگ میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔باؤلنگ میں محمد وسیم نے 9 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 3 اوورز میڈن کیے۔بہترین کارکردگی کی بنیاد پر محمد وسیم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔میچ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے قاسم اکرم نے 4 کھلاڑیو ں کو آؤٹ کیا۔ قاسم اکرم نے 6.4 اوورز میں 38 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابوہریرہ نے 2 اور عباس آفریدی نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔335رنز کے تعاقب میں کویت انڈر 19 کرکٹ ٹیم مقررہ 43.4 اوورز میں172 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان عبدالصادق نے 60 اور گوند کمار نے 45 رنز بنائے۔اس سے قبل قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 335 رنز بنائے۔میچ میں پاکستان کی جانب سے 3 بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔عرفان خان نے 63، حارث خان نے 53 اور محمد وسیم نے55 رنز اسکور کیے۔ فہد منیر 42 اور روحیل نذیر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حریف ٹیم کے باؤلرز نے 17 اضافی رنز دیئے۔کویت انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے جندوہمود نے 4 جبکہ عبدالصادق نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دوسری جانب کویت انڈر 19کرکٹ ٹیم نے اپنی اننگ کا آغاز کیا تو 21رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔

جس کے بعد کپتان عبدالصادق اور گوند کمار کے درمیان 110 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔عبدالصادق نے 60 اور گوند کمار نے 45 رنز بنائے۔کویت کے 6 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکے تاہم پاکستان نے میچ میں19 اضافی رنز دئیے۔اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ کویت کے خلاف فتح کے باوجود قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔گروپ اے میں پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں گروپ اے کی دو ٹاپ ٹیمیں ہیں۔

error: Content is protected !!